پاکستان کے مشہور اور مہنگے ترین آم چونسے کے ساتھ کیا مسائل درپیش ہوئے؟

ہماری ویب  |  Jul 09, 2020

مٹھاس، رنگ، خوشبو اور ذائقے کی وجہ سے پاکستان سمیت دنیا بھر میں پھلوں کا بادشاہ آم اپنی ایک الگ پہچان کا حامل ہے۔ آموں کی ایک قسم جس کا نام چونسہ ہے جو جنوبی پنجاب کی سوغات ہے، بس اب شہرِ ملتان میں کچھ ہی دنوں بعد آنے کو تیار ہے۔

اگرچہ رحیم یار خان سے چونسہ آم مارکیٹ میں آ چکا ہے تاہم رواں سال کورونا وائرس کے باعث بین الاقوامی ہوائی فلائٹس کی بندش کے باعث دیگر ملکوں میں مقیم چونسے کے شوقین اس سے محروم رہیں گے اور رہی سہی کسر پی آئی اے کی پروازوں پر مختلف ممالک میں پابندی سے پوری ہو جانے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے۔

لطف آباد فارم اینڈ ایچ ڈبلیو ٹی فیکلٹی پاکستان کے سی ای او طارق خان بتاتے ہیں کہ موجودہ حالات کے پیشِ 80 فیصد چونسہ آم مقامی مارکیٹ میں ہی فروخت کرنا پڑے گا۔

انہوں نے کہا کہ کورونا وائرس کی وجہ سے رواں سال ایکسپورٹ نہ ہونے کے برابر ہے۔

طارق خان کا کہنا تھا کہ آم کی برآمدگی کا اگر تقابلی جائزہ لیا جائے تو تو تقریباً 50 فیصد پاکستانی آم مشرق وسطیٰ، سعودی عرب جاتا ہے جبکہ 20 فیصد ایران، افغانستان اور 25 فیصد کے قریب یورپ اور امریکہ بھیجوایا جاتا ہے، تاہم اس بار انٹرنیشنل پروازیں بند ہونے کی وجہ سے کارگو فلائٹس جا رہی ہیں اور ان کا کرایہ کافی زیادہ ہے جس کی وجہ سے ایکسپورٹرز کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔

پاکستان سے آم متحدہ عرب امارات، ایران، افغانستان، امریکہ اور یورپ سمیت دیگر ممالک میں بحری، فضائی اور زمینی راستوں سے ایکسپورٹ کیا جاتا ہے۔

رواں سال آموں کی برآمدات میں کمی کے باعث باغات والے بھی پریشان ہیں۔

دوسری جانب ملتان کے رہائشی ملک شہباز نے بتایا کہ ان کی 15 ایکڑ اراضی پر آم کے باغات موجود ہیں، جہاں چھ سے سات اقسام کے آموں کی پیداوار ہوتی ہے لیکن اس سال دو وجوہات کی وجہ سے انہیں خسارے کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

ان میں ایک وجہ یہ ہے کہ اس سال گرمیاں دیر سے آئی ہیں اور نمی کے باعث آم کی فصل کو کیڑا لگ گیا ہے۔ ہمیں سپرے بھی زیادہ کرنا پڑا تاہم اس کے باوجود پیداوار گذشتہ سال کی نسبت کم ہوئی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More