سونے کی قیمت میں مسلسل اضافے کے بعد معمولی کمی

سماء نیوز  |  Jul 10, 2020

پاکستان میں سونے کی قیمت میں گزشتہ کئی روز سے جاری مسلسل اضافے کے بعد معمولی کمی ہوگئی۔ فی تولہ نرخ 200 روپے اور فی اونس 6 ڈالر سستا ہوگیا۔

پاکستان میں گزشتہ 3 روز کے دوران سونے کے فی تولہ نرخ 4200 روپے بڑھ کر تاریخ کی بلند ترین سطح ایک لاکھ 9 ہزار 100 روپے پر پہنچ گئے تھے جبکہ عالمی مارکیٹ میں بھی فی اونس سونا 38 ڈالر مہنگا ہوگیا تھا۔

آل سندھ صراف جیولرز ایسوسی ایشن سے جاری اعداد و شمار کے مطابق آج (جمعہ 10 جولائی کو) سونے کی فی تولہ قیمت 200 روپے کمی سے ایک لاکھ 8 ہزار 900 روپے پر پہنچ گئی، دس گرام سونا 172 روپے سستا ہوکر 93 ہزار 364 روپے کا ہوگیا۔

عالمی مارکیٹ میں سونا 6 ڈالر کمی سے فی اونس 1808 ڈالر کا ہوگیا۔ 2011ء میں عالمی مارکیٹ میں سونا 1920 ڈالر کی ریکارڈ سطح تک چلا گیا تھا۔

کے ایس جے اے کے مطابق ملک بھر میں فی تولہ چاندی 1060 روپے اور دس گرام 908.78 روپے میں فروخت ہورہی ہے۔ عالمی مارکیٹ میں فی اونس چاندی 0.26 ڈالر اضافے سے 18.76 ڈالر ہوگئی۔

ماہرین کے مطابق کرونا وائرس کی وجہ سے درآمد نہ ہونے کے باعث سونے کی قیمت میں اضافہ ہورہا ہے، مشکل حالات میں سونے میں سرمایہ کاری کو ہمیشہ سے ہی محفوظ تصور کیا جاتا ہے، بین الاقوامی مارکیٹ میں سونے کے نرخ میں اضافے سے پاکستان میں بھی قیمتیں بڑھ گئیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More