ڈیری مالکان کا سرکاری قیمت پر دودھ بیچنے سے انکار

بول نیوز  |  Aug 06, 2020

 کراچی میں ڈیری شاپس مالکان نے سرکاری قیمتوں میں دودھ بیچنے سے انکار کردیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق  سندھ ہائی کورٹ میں دودھ کی قیمتوں میں اضافے کےخلاف درخواست کی سماعت کے دوران ڈیری شاپس مالکان نے سرکاری قیمت پر دودھ بیچنے سے معذرت کر لی۔

دوران سماعت ڈیری شاپس مالکان نے سرکاری قیمتوں میں دودھ بیچنے سے معذرت کرتے ہوئے عدالت کو بتایا کہ  ہمیں خود دودھ 114 روپے لیٹر ملتا ہے،  ہمیں خرچہ نکال کر صرف 2 روپے لیٹر بچتا ہے۔

عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر ہیڈ کوارٹر سے استفسار کیا کہ آپ نے کیا کارروائیاں کیں؟جس پر اسسٹنٹ کمشنر کراچی نے بتایا کہ ہم روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں چیک کرتے ہیں۔

عدالت نے کمشنر کراچی سے استفسار کیا کہ دودھ کی اصل سرکاری قیمت کیا ہے؟

دوران سماعت  عدالت  میں  کمشنر کراچی افتخار علی شالوانی کے نمائندے نے جواب دیا کہ عدالتی حکم کے مطابق اصل قیمت 94 روپے فی لیٹر ہے، ہم اضافی قیمت پر بیچنے والوں کے خلاف ایکشن لے رہے ہیں، شکایت ملنے پر دکان داروں کو چالان کرتے ہیں۔

عدالت نے حکم دیا کہ ہمیں پیش رفت رپورٹ دے دیں کہ اب تک آپ نے کیا کیا ہے؟

جسٹس محمد علی مظہر نے استفسار کیا کہ اسٹیک ہولڈرز کے ساتھ ہونے والی میٹنگز کا کیا نتیجہ نکلا؟

عدالت نے اسسٹنٹ کمشنر سے کہا کہ آپ کی کارکردگی بھی دیکھیں گے کہ آپ کیا کام کر رہے ہیں۔

اس موقع پر ایڈیشنل ایڈوکیٹ جنرل سندھ نے عدالت کو بتایا کہ یہ معاملہ ہر سال پیدا ہوتا ہے۔

بعدازاں سندھ ہائیکورٹ نے  منافع خوروں کے خلاف کارروائی کی رپورٹ طلب کرتے ہوئے کمشنر کراچی سمیت تمام اسٹیک ہولڈرز کو بلانے کا حکم دیا اور  درخواست پر سماعت 25 اگست تک ملتوی کر دی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More