پی ڈی ایم کا اجلاس جاری، چیئرمین و ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے ناموں پر غور

اردو نیوز  |  Mar 08, 2021

پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کا سربراہی اجلاس اسلام آباد میں مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں جاری ہے۔ اجلاس میں چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مشترکہ امیدواروں کے ناموں پر غور سمیت متعدد سیاسی امور زیر غور ہیں۔ 

مولانا فضل الرحمان کی سربراہی میں ہونے والے اجلاس میں مریم نواز، بلاول بھٹو زرداری، آفتاب شیرپاؤ، زاہد خان اور پشتونخوا ملی عوامی پارٹی کے سربراہ محمود اچکزئی شریک ہیں۔

ان کے علاوہ عثمان کاکڑ، یوسف رضا گیلانی، شاہد خاقان عباسی، پرویز اشرف، پرویز رشید اور میاں افتخار حسین سمیت پی ڈی ایم کے مرکزی قائدین بھی موجود ہیں جبکہ سابق وزیراعظم نوازشریف ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شرکت کر رہے ہیں۔

 

اجلاس میں پی ڈی ایم کی جانب سے چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے مشترکہ امیدواروں کا اعلان متوقع ہے جبکہ اپوزیشن حکومت مخالف تحریک کے حوالے سے آئندہ کی حکمت عملی پر غور اور لانگ مارچ کی تیاریوں کا جائزہ لیا جائے گا۔

خیال رہے کہ پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان 26 مارچ سے حکومت مخالف لانگ مارچ کا اعلان کرچکے ہیں جبکہ لانگ مارچ اسلام آباد پہنچنے اور دھرنے سے متعلق تفصیلات سامنے آنا ابھی باقی ہیں۔ 

پی ڈی ایم کے سربراہی اجلاس میں وزیراعظم عمران خان کے ایوان سے اعتماد کا ووٹ حاصل کرنے کے بعد سیاسی صورت حال کا جائزہ لے گی جبکہ پنجاب اسمبلی میں عدم اعتماد کی تحریک کے حوالے سے مشاورت کے علاوہ ضمنی انتخابات سے متعلق بھی حکمت عملی طے کی جائے گی۔ 

سینیٹ انتخابات کے بعد اپوزیشن اور حکومت کے درمیان اگلا سیاسی میدان 12 مارچ کو چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے انتخاب کے لیے سجے گا۔ حکومت نے موجودہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو ایک بار پھر چیئرمین سینیٹ کا امیدوار نامزد کیا ہے جبکہ پیپلز پارٹی نے سابق وزیراعظم یوسف رضا گیلانی کو اپنا امیدوار بنایا ہے اور اس سلسلے میں سیاسی رابطوں کا سلسلہ بھی شروع کر دیا ہے۔

خیال رہے کہ اتوار کو بلاول بھٹو زرداری نے لاہور میں مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز اور مسلم لیگ ق کے چوہدری برادران سے ملاقات کی تھی۔ 

No such thing happened. @BBhuttoZardari did not ask for support in senate and nor did we offer. He came to inquire about Shujat Sb’s health for which are are grateful. pic.twitter.com/66WACDHWFD

— Moonis Elahi (@MoonisElahi6) March 8, 2021

بلاول بھٹو زرداری نے اتوار کو چوہدری برادران سے ملاقات میں یوسف رضا گیلانی کے لیے چیئرمین سینیٹ کا ووٹ مانگا تھا تاہم حکومتی اتحادی ہونے کے باعث مسلم لیگ ق نے چیئرمین سینیٹ کے لیے اپوزیشن کے امیدوار کو ووٹ دینے سے معذرت کر لی۔ 

دوسری جانب سپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی کے صاحبزادے چوہدری مونس الٰہی نے اس بات کی تردید کی ہے کہ بلاول بھٹو زرداری نے چیئرمین سینیٹ کے لیے مسلم لیگ ق سے ووٹ مانگا ہے یا مسلم لیگ ق نے انہیں کوئی پیش کش کی ہے۔

پیر کو اپنی ٹویٹ میں ان کا کہنا تھا کہ ’بلاول بھٹو زرداری صرف چوہدری شجاعت حسین کی خیریت دریافت کرنے آئے تھے جس پر ہم ان کے شکر گزار ہیں۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More