پاکستان شوبز انڈسٹری کے معروف اداکار نیئر اعجاز کا شمار صف اول کے فنکاروں میں ہوتا ہے، 4 دہائیوں سے شوبز انڈسٹری میں اپنی صلاحیتوں کے جوہر دکھانے والے نیئر اعجاز کا کہنا ہے کہ والدہ کے انتقال کے بعد زندگی میں ایک بڑا خلا پیدا ہوگیا ہے۔
اپنے ایک انٹرویو میں نیئر اعجاز نے بتایا کہ جس دن والدہ کا انتقال ہوا ان کی طبیعت بہت زیادہ خراب تھی، جمعہ کا دن تھا اور میری والدہ وینٹی لیٹر پر تھیں انہوں نے مجھے اشارہ کیا تو میں ڈاکٹر کے پاس گیا اور وینٹی لیٹر ہٹانے کو کہا۔
نیئر اعجاز نے بتایا کہ ڈاکٹرز کاکہنا تھا کہ ان کی سانس چل رہی ہے لیکن میں نے کہا آپ وینٹی لیٹر ہٹا دیں اور میں والدہ کے پاس گیا اور مجھے جو دعائیں یاد تھیں والدہ کے کان میں پڑھیں اور کچھ ہی دیر میں والدہ چل بسیں۔
انہوں نے بتایا کہ والدہ کی زندگی میں جب گھر سے نکلتا تھا تو ماں دعائیں دیکر رخصت کرتی تھی لیکن ان کے انتقال کے بعد میری زندگی میں خلا پیدا ہوگیا، والدہ کے بعد دعائیں دینے والا کوئی نہیں رہا۔
نیئر اعجاز نے 1980کی دہائی میں پاکستان ٹیلی ویژن کارپوریشن کے ساتھ کئی ڈرامہ سیریلز میں اداکاری کا آغاز کیا۔ انہوں نے مختلف فلموں میں کام کیا، اس وقت وہ پاکستان کے سینئر ترین فنکار ہیں۔