فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیا، دہشتگرد نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے،آئی جی

ہم نیوز  |  Feb 02, 2023

 آئی جی خیبرپختون خوا معظم جاہ انصاری کا کہنا ہے کہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیا، دہشتگرد نیٹ ورک کے قریب پہنچ چکے ہیں۔

آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے انکشاف کیا ہے کہ میں نے سی سی ٹی وی فوٹیج میں خودکش حملہ آور کو ڈھونڈ لیا ہے۔ خیبرروڈ سے پولیس لائن تک آنے والے خودکش بمبار کو فوٹیج میں دیکھا ہے۔ حملہ آور پولیس کی یونیفارم میں تھا۔ دہشتگرد موٹر سائیکل پر آیا تھا اور ہم نے موٹر سائیکل بھی تلاش کر لی ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ فوٹیج میں دیکھے جانے والا بندے کی شناخت کی جارہی ہے۔ اس کے بعد خودکش کے سر سے اس کی میچنگ ہوگی۔  اس کے بعد سہولت کاروں کو ڈھونڈا جائے گا۔

یہ بھی پڑھیں:

انہوں نے کہا ہے کہ چوبیس گھنٹے کی سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھنے کےلیے چوبیس گھنٹے درکار ہوتے ہیں، خدا کےلیے پولیس کو تحقیقات کےلیے وقت دیا جائے۔

آئی جی خیبرپختونخوا معظم جاہ انصاری نے کہا  ہے کہ پشاور لائن میں دھماکہ کرنے والے نیٹ ورک کے نزدیک پہنچ چکے ہیں، ایک ایک شہید کا بدلا لیں گے، مگر افواہیں پھیلانے والے ہمارے دکھ میں اضافہ کررہے ہیں۔

ان کا کہنا ہے کہ ہر ایک سائنسدان بنا ہے، کوئی کہتا ہے آئی ای ڈی لگائی گئی، کوئی کہتا ہے یہ ڈرون حملہ تھا، شہادتیں دھماکے سے نہیں۔ چھت گرنے سے ہوئی۔ چھت پچاس سال پرانی اور کھمبوں کے بغیر کھڑی تھی، دھماکہ کو افواہوں اور نفرت پھیلانے کےلیے استعمال کرنا افسوسناک ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More