چین کا عالمی ترقیاتی اقدام پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے لیے واضح فریم ورک ہے، اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم کا گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو کے گروپ آف فرینڈز کے اعلی سطحی اجلاس کے دوران اظہار خیال

اے پی پی  |  Apr 18, 2024

اقوام متحدہ۔18اپریل (اے پی پی):پاکستان نے کہا ہے کہ چینی صدر شی جن پنگ کی جانب سے کورونا وائرس کی وبا کے تناظر میں شروع کیے گئے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)نے پائیدار ترقی کے اہداف (ایس ڈی جیز) اور تمام انسانیت کے لیے امن اور خوشحالی کے مشترکہ مستقبل کے نفاذ کے لیے درکار تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی ہے۔

اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے گزشتہ روز نیو یارک میں اقوام متحدہ کے ہیڈ کوارٹرز میں گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)کے گروپ آف فرینڈز کے اعلی سطح کے اجلاس کے دوران کہا کہ چین نے نہ صرف تعاون کو ادارہ جاتی شکل دی ہے بلکہ منصوبے کی ترقی کے لیے فنڈز فراہم کرنے سے متعلق ادارے قائم کرنے کے ساتھ ساتھ مشاورتی طریقہ کار بھی وضع کیا ہے جو ہمارے اہداف کو حاصل کرنے کے لیے درکار ہیں۔

اس تناظر میں پاکستانی مندوب نے پائیدار ترقیاتی اہداف (ایس ڈی جیز)کے حصول کے لیے گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)کو ایک واضح فریم ورک قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی کہ چین نے 700 ملین سے زائد لوگوں کو غربت سے نکالا ہے اور چین اس سلسلے میں اپنے قابل قدر تجربات، اسباق اور تعاون پیش کر سکتا ہے تاکہ دوسرے ترقی پذیر ممالک کو غربت میں کمی اور ترقی کے مقاصد کو حاصل کرنے کے قابل بنایا جا سکے۔

انہوں نے جی ڈی آئی کو اقدامات کی ایک مثال کے طور پر حوالہ دیتے ہوئے چین کے ادارہ جاتی تعاون اور پراجیکٹ کی ترقی کے لیے فنڈنگ کے لیے اداروں کے قیام کے ساتھ ساتھ ہدف کے حصول کے لیے ضروری مشاورتی طریقہ کار پر روشنی ڈالی۔ پاکستانی مندوب نے چین کے ساتھ تعاون پر بات کرتے ہوئے زور دیا کہ کس طرح چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک )نے پاکستان کو توانائی اور بنیادی ڈھانچے کے نقصان پر قابو پانے کے قابل بنایا۔ انہوں نے یقین کا اظہار کیا کہ جی ڈی آئی کے فریم ورک کے تحت یہ تعاون بہت سے ترقی پذیر ممالک تک پھیلے گا، جس سے ایس ڈی جیز کی جانب پیش رفت میں مدد ملے گی۔

پاکستانی مندوب نے ایس ڈی جیز کے حصول کے لیے فنانسنگ اور پراجیکٹ کی ترقی کے 2 اہم مسائل کو حل کرنے کے لئے عالمی کوششوں زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ مناسب مالی اعانت کے بغیر پائیدار ترقی کا حصول مشکل ہو گا۔ پاکستان مستقبل کے سربراہی اجلاس میں ٹھوس وعدوں کے حصول میں سرگرم عمل ہے، جس میں سیکرٹری جنرل کی 500 بلین ڈالر کی محرک تجویز کی توثیق،جی این آئی کے 0.7 فیصد کے او ڈی اے کے وعدے کی تکمیل، کم از کم 200 بلین ڈالر کے سپیشل ڈرائنگ رائٹس کی دوبارہ چینلنگ ،ایس ڈی جیز کے لیے سپیشل ڈرائنگ رائٹس (ایس ڈی آرز)،ایم ڈی بیز کی دوبارہ سرمایہ کاری،ایم ڈی بیز کے ذریعے قرض دینے کی بہتر شرائط،کمزور ممالک کے لئے رعایتی مالی مدد اور 28ویں ماحولیاتی کانفرنس (کوپ ۔28)کے اہداف کو پورا کرنے کے لیے ماحولیاتی مالیات میں بڑے پیمانے پر اضافہ شامل ہے۔ منیر اکرم نے ان اہداف کو حاصل کرنے اور جی ڈی آئی کے تحت 8 ترجیحی شعبوں کو آگے بڑھانے میں بین الاقوامی مالی مدد کی بنیادی اہمیت کو اجاگر کیا۔

انہوں نے چین اور گروپ آف فرینڈز کے دیگر اراکین کے ساتھ مسلسل تعاون کے لیے پاکستان کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے ایس ڈی جی کے نفاذ اور تمام بنی نوع انسان کے لیے امن اور خوشحالی کے مشترکہ مستقبل کی خواہشات کا اظہار کیا۔ گروپ آف فرینڈز آف دی گلوبل ڈویلپمنٹ انیشیٹو (جی ڈی آئی)کے اعلیٰ سطحی اجلاس میں جی ڈی آئی کے رکن ممالک کے نمائندوں، اقوام متحدہ کے سفیروں اور مندوبین، اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر ڈینس فرانسس سمیت اقوام متحدہ کے متعلقہ اداروں کے حکام اور عالمی ترقی کی کوششوں میں شامل دیگر سٹیک ہولڈرزنے شرکت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More