ملک کے اہم اقتصادی اشاریے معیشت میں بہتری کی عکاسی کررہے ہیں،امیدہے موڈیز جلد ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرے گی، وزیرخزانہ محمداورنگزیب

اے پی پی  |  Apr 18, 2024

اسلام آباد۔18اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ ومحصولات محمد اورنگزیب نے کہاہے کہ ملک کے اہم اقتصادی اشاریے معیشت میں بہتری کی عکاسی کررہے ہیں اورامیدہے کہ بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی جلد ہی ملک کی کریڈٹ ریٹنگ میں اضافہ کرے گی۔انہوں نے یہ بات بین الاقوامی مالیاتی فنڈ اورعالمی بینک کے موسم بہارکے سالانہ اجلاس کے موقع پرواشنگٹن ڈی سی میں بین الاقوامی ریٹنگ ایجنسی موڈیز انویسٹر سروس کے وفد سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

وزیرخزانہ نے کہاکہ بین الاقوامی مالیاتی فنڈ کے ساتھ سٹینڈ بائی معاہدے کے بعد ملک کے اقتصادی اشاریوں میں بہتری آئی ہے جو کلی معیشت کے استحکام اورمعیشت کے درست سمت میں گامزن ہونے کی نشاندہی کررہے ہیں۔ انہوں نے وفد کو ٹیکس اورتوانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری کے حوالہ سے موجودہ حکومت کی اہم ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان مشرق وسطیٰ اور چین پر توجہ مرکوز کرتے ہوئے بین الاقوامی کیپٹل مارکیٹوں کی استعداد سے فائدہ اٹھانے کی حکمت عملی پرکارفرما ہے ۔انہوں نے کہاکہ افراط زر میں کمی، زرمبادلہ کے ذخائر میں اضافہ اور قرضوں کی ادائیگی کے حوالہ سے حکومت کی کارگردی اچھی ہے۔

انہوں نے بیرونی کھاتوں کی کمزوری اور لیکویڈیٹی سے متعلق وفد کے اہم سوالات کا مفصل جواب بھی دیا اوراور امید ظاہرکی کہ ریٹنگ ایجنسی جلد ہی ملک کی کریڈٹ ریٹنگ کو اپ گریڈ کرے گی۔ وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کی گول میز کانفرنس میں شرکت بھی کی۔

انہوں نے پاکستان کے مستحکم معاشی اشاریوں پر روشنی ڈالی جس میں گرتی ہوئی مہنگائی، مستحکم کرنسی، زرعی شعبے کی مضبوط نمو، مضبوط ترسیلات زر، بڑھتے ہوئے زرمبادلہ کے ذخائر اور سٹاک مارکیٹ میں تیزی شامل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک آئی ایم ایف کے ساتھ ایک بڑے اور توسیعی پروگرام میں شامل ہونا چاہتا ہے۔

انہوں نے سرمایہ کاروں کو ٹیکسیشن، توانائی کے شعبے میں اصلاحات اور نجکاری پروگرام کے حوالہ سے حکومت کی اہم ترجیحات سے بھی آگاہ کیا۔وزیرخزانہ نے کہاکہ کہ عالمی بینک موسمیاتی تبدیلی، ڈیجیٹلائزیشن اور انسانی سرمائے پر حکومت کی ترجیحات کے مطابق اپنی توجہ مرکوز کررہا ہے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More