اقوام متحدہ کی رکنیت کے لیے فلسطین کی کوشش میں ناکامی پرسعودی عرب کا اظہار افسوس

اے پی پی  |  Apr 20, 2024

ریاض۔20اپریل (اے پی پی):سعودی عرب نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں فلسطین کو مکمل رکنیت دینے سے متعلق قرارداد منظور کرنے میں ناکامی پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔ایس پی اے کے مطاق وزارت خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ قرارداد کی منظوری میں رکاوٹیں اسرائیلی قبضے کو خلاف ورزیاں جاری رکھنے کی اجازت دیتی ہے، اس سے مطلوبہ امن قریب نہیں آئے گا۔ مملکت نےعرب امن عمل اور بین الاقوامی قراردادوں کے مطابق فلسطینی عوام کے حق خودارادیت اور 1967 کی سرحدوں پر فلسطینی ریاست کے قیام اور مقبوضہ بیت المقدس کو اس کا دارالحکومت بنانے کی حمایت کا بھی اعادہ کیا۔

یاد رہے کہ فلسطین کو بطور ریاست اقوام متحدہ کی مکمل رکنیت دیئے جانے کے لیے پیش کی گئی قرارداد کو امریکا نے سکیورٹی کونسل میں ویٹو کیا ہے۔عرب نیوز کے مطابق الجزائر کی جانب سے قرارداد کی 15 میں سے 12 ارکان نے حمایت کی جبکہ برطانیہ اور سوئٹزرلینڈ سکیورٹی کونسل میں ووٹنگ کے وقت غیرحاضر رہے۔سکیورٹی کونسل میں قرارداد کی منظوری کے لیے اس کے حق میں کم از کم نو ووٹوں کی ضرورت ہوتی ہے اور کونسل کے پانچ مستقل ارکان امریکا، برطانیہ، فرانس، روس اور چین کے ویٹو کے اختیار کو استعمال کرنے سے گریز ضروری ہوتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More