صدر مملکت آصف علی زرداری سے پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے وفد کی ملاقات

اے پی پی  |  Apr 23, 2024

اسلام آباد۔23اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے پاکستان میں دل کی بیماریوں سے بچائو کیلئے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ ہمیں امراض قلب سے بچائو کیلئے جامع کوششیں کرنا ہوں گی۔ ایوان صدر کے پریس ونگ سے جاری بیان کے مطابق صدر مملکت نے ان خیالات کا اظہار پاکستان نیشنل ہارٹ ایسوسی ایشن (پناہ) کے وفد سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کیا جس نے میجر جنرل(ر) مسعود الرحمن کی قیادت میں منگل کو یہاں ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔ انہوں نے کہا کہ امراض قلب سے بچائو کیلئے لوگوں میں صحت مند طرز زندگی بارے آگاہی پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے دل کی بیماریوں میں اضافے پر اظہار تشویش کیا اور کہا کہ امراض قلب اور غیر متعدی امراض سے بچائو کے جامع پروگرام کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کاربونیٹیڈ اور میٹھے مشروبات میں چینی کی مقدار بارے ہیلتھ ایڈوائزری نمایاں کرنے کیلئے اقدامات کیے جائیں۔وفد کے سربراہ نے صدر مملکت کو دل کی بیماریوں کے پھیلائو کی روک تھام، آگاہی پیدا کرنے میں پناہ کے کردار بارے بتایا۔ انہوں نے بریفنگ میں آگاہ کیا کہ پناہ انجائنا اور ہارٹ اٹیک کی وجہ سے ہونے والی اموات روکنے، کم کرنے اور کنٹرول کرنے کی کوششیں کر رہا ہے۔ صدر مملکت نے صحت مند طرز زندگی کے فروغ میں پناہ کے کردار کو سراہا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More