سعودی عرب میں رواں سال زیتون کی بہترین اور معیاری پیداوار متوقع

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

تبوک۔25اپریل (اے پی پی):سعودی وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے اس سال سعودی عرب کے شہر تبوک میں موسم سرما کے دوران ایک تجربہ کیا جس سے زیتون کے درختوں میں باقاعدہ پھول جلد آنے کا عمل شروع ہوگیا۔ایس پی اے کے مطابق وزارت ماحولیات و پانی و زراعت نے کہا تجربے کی وجہ سے زیتون کے درختوں پر پھولوں کے کھلنے کا مرحلہ اپریل میں شروع ہوچکا ہے۔ اسے ’پھولوں کے کھلنے‘ کا نام دیا جاتا ہے۔ یہ اس بات کی نشاندہی ہے کہ اس سال زیتون کی پیداوار بہترین اور معیاری ہوگی۔

وزارت نے بتایا کہ پھولوں کو ان کے سفید رنگ اور شکل سے پہچانا جاتا ہے۔ ان کی شکل چار نلی نما جیسی ہوتی ہے۔ اس کے بعد زیتون کے پھل کی نشوونما اور پھولوں کی پنکھڑیوں کے گرنے کا عمل شروع ہوتا ہے۔ اس عمل میں تین ماہ لگتے ہیں جس کے بعد پھل بتدریج بڑھنا شروع ہوتا ہے اور آخر کار تیار ہوجاتا ہے۔وزارت کا کہنا ہے کاشتکاروں کو اس حوالے سے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کرنے اور آگے بڑھنے میں وزارت ان کی مدد کرتی ہے تاکہ زیتون کی بہترین پیداوار حاصل کی جاسکے۔وزارت نے بتایا ہمارے ماہرین ابتدا سے لے کر آخر تک ان کسانوں کو مشورے بھی دیتے ہیں تاکہ فصل کو کسی بھی مرحلے پر نقصان نہ پہنچے اور بھرپور فصل کسان کے سامنے ہو۔

وزارت کا کہنا تھا فصل کے تیار ہونے کے بعد یہاں فیسٹیول کا انعقاد بھی کیا جاتا ہے جس میں علاقے اور اطراف کے شہروں کے لوگ آتے ہیں۔ کاشت کاروں کو زیتون کی اپنی مصنوعات کی فروخت کو آسان بنانے کے طریقے بھی بتائے جاتے ہیں۔ تبوک میں زیتون کے 13 لاکھ درخت ہیں جن سے 65 ہزار ٹن زیتون پیدا ہوتا ہے جن میں 1200 ٹن ثابت مختلف اقسام کے اور 8450 ٹن سے زیادہ تیل تیار کیا جاتا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More