یورپی یونین غیر ملکی کمپنیوں کے لیے کھلا، منصفانہ ماحول پیدا کرے،چین

اے پی پی  |  Apr 25, 2024

بیجنگ۔25اپریل (اے پی پی):چین نے یورپی یونین پرزور دیا ہے کہ وہ یورپ میں غیر ملکی کمپنیوں کے لیے کھلا، منصفانہ اور مساوی ماحول فراہم کرے۔ چائنا گلوبل ٹیلی ویژن نیٹ ورک(سی جی ٹی این)کے مطابق یورپی یونین کی جانب سے منگل کو یورپ میں ایک چینی کمپنی کے دفاتر پر چھاپہ مارنے اور سامان ضبط کرنے کے بعد چینی وزارت کامرس کے عہدیدار نے اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے یورپی یونین سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر اپنے غلط طریقوں کو روکے اور اسے درست کرے ۔

یہ ریمارکس نام نہاد سبسڈی کے معاملے پر پولینڈ اور ہالینڈ میں ایک چینی کمپنی کے دفاتر کی یورپی یونین کی اچانک تحقیقات کے بعد سامنے آئے ہیں۔ چینی وزارت کامرس کے عہدیدار نے کہا کہ چین یورپی یونین کے اس اقدام پر تشویش اور سخت مخالفت کرتا ہے جس نے مقررہ طریقہ کار کی خلاف ورزی کی، عام مسابقت میں خلل ڈالا اور یورپ میں کام کرنے والی تمام غیر ملکی کمپنیوں کے اعتماد کو بری طرح مجروح کیا۔ انہوں نے زور دے کر کہا کہ چین یورپی یونین کے مستقبل کے اقدامات پر گہری نظر رکھے گا اور چینی فرمز کے جائز حقوق اور مفادات کے مضبوطی سے تحفظ کے لیے تمام ضروری اقدامات کرے گا۔

علاوہ ازیں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان نے گزشتہ روز معمول کی پریس کانفرنس کے دوران یورپی یونین کے غیر متوقع اقدام پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یورپی یونین، جو خود کو دنیا کی سب سے زیادہ اوپن مارکیٹ ہونے کا دعویٰ کرتی ہے، قدم بہ قدم تحفظ پسندی کی طرف بڑھ رہی ہے۔ترجمان نے کہا کہ حال ہی میں یورپی یونین نے اکثر اقتصادی اور تجارتی آلات اور تجارتی اقدامات کا استعمال کرتے ہوئے تحفظ پسندی کے اشارے دیئے ہیں۔چینی کمپنیوں کو نشانہ بنایا ہے اور یورپی یونین کی شبیہ کو نقصان پہنچایا ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More