وزیراعظم کی زیرصدارت پاکستان کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس، صوبائی حکومتوں اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پالیسی سازی کرنی ہے، شہباز شریف

اے پی پی  |  Apr 26, 2024

اسلام آباد۔26اپریل (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کاربن کریڈٹس پالیسی رہنما اصولوں کے حوالے سے حتمی پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے مضر اثرات سے متاثر ہونے والے ممالک میں سر فہرست ہے۔وزیراعظم آفس کے میڈیا ونگ سے جاری پریس ریلیز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف کی زیر صدارت پاکستان کونسل برائے موسمیاتی تبدیلی کا تیسرا اجلاس جمعہ کو یہاں منعقد ہوا۔اجلاس میں وفاقی وزراء اسحاق ڈار، احد خان چیمہ، محمد اورنگزیب، سردار اویس خان لغاری، وزیرِ اعظم کی کوآرڈینیٹر برائے موسمیاتی تبدیلی رومینہ خورشید عالم، متعلقہ اعلیٰ حکام اور سرکاری و نجی شعبے سے ماہرین نے شرکت کی۔

اجلاس میں وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر، وزیرِاعلیٰ گلگت بلتستان اور چاروں صوبوں کے وزراءِ اعلیٰ نے بھی وڈیو لنک کے ذریعے شرکت کی۔وزیراعظم نے کہا کہ 2022 کی بارشوں اور اس کے نتیجہ میں سیلاب سے ملک بری طرح متاثر ہوا، خادمِ پاکستان کے ناطے سیلاب کے متاثرین کی مدد و بحالی کے ساتھ ساتھ دنیا بھر میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کا کیس لڑا، احسن اقبال اور شیری رحمٰن کے ساتھ ساتھ تمام متعلقہ اداروں اور وزارتوں نے مل کر پاکستان کو اس مشکل وقت سے نکالنے اور پاکستان میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے انفراسٹرکچر بنانے کیلئے کلیدی اقدامات اٹھائے۔ انہوں نے کہا کہ دوست ممالک، عالمی برادری بالخصوص سیکرٹری جنرل اقوامِ متحدہ نے موسمیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستانیوں کی پکار پر لبیک کہا جس کیلئے مجھ سمیت پوری قوم ان کی شکرگزار ہے۔

وزیراعظم نے کہا کہ صوبائی حکومتوں اور وفاق کو مل کر موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پالیسی سازی کرنا ہے، موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے ہمارے چیلنجز میں دن بہ دن اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ ملک بھر میں کاربن کریڈٹس کے حوالے سے اقدامات میں بہتری آئی ہے جن کو مزید تیز اور مؤثر کرنے کی ضرورت ہے۔ وزیرِ اعظم نے کاربن کریڈٹس کے حوالے سے پالیسی رہنما اصولوں کے حوالے سے حتمی پالیسی سازی پر صوبوں سے مشاورت کیلئے ایک کمیٹی کی تشکیل کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق تمام امور پرصوبوں کی مشاورت کے بغیر کسی بھی قسم کی پالیسی سازی کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔اجلاس میں پالیسی گائیڈلائنز فار ٹریڈنگ ان کاربن کریڈٹس کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیا ل کیا گیا۔ وزیرِ اعظم نے صوبوں سے مشاورت کے بعد کونسل کے آئندہ اجلاس میں مسودہ پیش کرنے کی بھی ہدایت کی۔ اجلاس میں چاروں صوبوں کے وزراء اعلیٰ نے پالیسی سازی کے حوالے سے اپنے اپنے صوبے کے مؤقف سے آگاہ کیا اور تجاویز پیش کیں۔ وزیرِ اعظم نے وزارت موسمیاتی تبدیلی کو اس اہم پالیسی مسودے کیلئے صوبوں اور تمام سٹیک ہولڈرز کو مکمل طور پر اعتماد میں لینے کی ہدایت کی۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More