وفاقی وزیر صنعت و پیداوار کاکھاد کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافے کا سخت نوٹس ، ترجمان

اے پی پی  |  Apr 27, 2024

اسلام آباد۔27اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کھاد کمپنی کی جانب سے سرسبز یوریا کی قیمت میں یکطرفہ اضافے کا سخت نوٹس لیتے ہوئے کہا ہے کہ یوریا کھاد پر ناجائز منافع کی اجازت نہیں دی جائے گی ۔ترجمان وزارت صنعت و پیداوار کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وفاقی وزیر صنعت و پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ فرٹیلائزر کمپنی نے قیمت میں یکطرفہ 561 روپے فی بوری کا اضافہ کر دیا تھا،فرٹیلائزر کمپنی یکطرفہ اضافہ واپس لے۔

انہوں نے کہا کہ فرٹیلائزر کمپنی سرسبز یوریا کی قیمت میں اچانک اضافے کا ٹھوس جواز فراہم کرے، حالیہ دنوں میں فرٹیلائزر انڈسٹری کے لیے گیس کی قیمتوں میں کسی قسم کا اضافہ نہیں ہوا، گیس کی قیمتوں میں اضافے کے بغیر سرسبز یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ ناقابل قبول اور بلا جواز ہے، ٹھوس جواز فراہم کرنے میں ناکامی پر وزارت متعلقہ قوانین کے تحت قیمتوں کا تعین کرے گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ اچانک یکطرفہ اضافے سے کسانوں پر منفی اثر پڑتا ہے، یوریا کھاد پر ناجائز منافع کی اجازت نہیں دی جائے گی، یوریا کھاد کی فراہمی میں خلل قابل قبول نہیں ہے۔ وفاقی وزیر نے مزید کہا کہ کھاد کی ذخیرہ اندوزی کے خاتمے کے لیے صوبوں کے ساتھ مل کر کام کر رہے ہیں، فرٹیلائزر کے ریئل ٹائم اسٹاک کی دستیابی کو چیک کرنے کے لیے میکانزم تیار کررہےہیں، فرٹیلائزر کمپنیاں کسانوں کو پیداواری صلاحیت بڑھانے کے لیے سہولیات فراہم کریں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More