صدر آصف علی زرداری سے ترک بری افواج کے کمانڈر کمانڈرسیلکوک بایراکتار اوغلو کی ملاقات ، دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال

اے پی پی  |  Apr 29, 2024

اسلام آباد۔29اپریل (اے پی پی):صدر مملکت آصف علی زرداری نے ترکیہ کے بری افواج کے کمانڈر کمانڈرسیلکوک بایراکتار اوغلوسے ملاقات کی جس میں دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔دونوں ممالک نے پاکستان اور ترکی کے باہمی مفاد میں دوطرفہ تعلقات مزید وسعت دینے کی ضرورت پر زور دیا ۔ ایوان صدر کے پریس ونگ کے مطابق ملاقات میں آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر بھی موجود تھے۔

صدر مملکت آصف علی زرداری نے کہا کہ پاکستان ترکیہ کے ساتھ اپنے تعلقات پر فخر کرتا ہے ،ترکیہ نے ہمیشہ بنیادی معاملات پر پاکستان کی حمایت کی ہے۔صدر مملکت نے پاکستان اور ترکیہ کے درمیان متعدد منصوبوں پر تعاون پر اطمینان کا اظہارکیا ۔

صدر مملکت نےپاکستان اور ترکیہ کے عوام کو مزید قریب لانے کیلئے عوامی روابط بڑھانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ترکیہ کے ساتھ زراعت، تعلیم، فن اور ثقافت کے شعبوں میں تعاون فروغ دینا ہوگا، صدر رجب طیب ایردوان پاکستان کے سچے اور مخلص دوست ہیں ، ترک صدر نے میرے انتخاب اور رمضان المبارک کے آغاز پر ٹیلی فونک کال کی ،ترک صدر کا دو مرتبہ ٹیلی فونک رابطہ پاک ۔ترک تعلقات کو وسعت دینے کے ان کے عزم کا اظہار ہے ۔

ترک بری افواج کے کمانڈر نے پاکستان کے ساتھ دفاعی تعاون مزید بہتر بنانے کی خواہش کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ دونوں ممالک علاقائی امن و استحکام کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کر سکتے ہیں ۔صدر مملکت نے ترک بری افواج کے کمانڈر کو نشان امتیاز (ملٹری) ملنے پر مبارکباد دی اور امید ظاہر کی کہ وہ دونوں برادر ممالک کے درمیان دفاعی تعاون مزید مضبوط بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے ۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More