متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی کی راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی سے ملاقات

اے پی پی  |  Apr 30, 2024

ابوظہبی۔30اپریل (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں پاکستان کے سفیر فیصل نیاز ترمذی نے الدھیت پیلس میں راس الخیمہ کے حکمران شیخ سعود بن صقر القاسمی سے ملاقات کی اور ان سے پاکستان کے نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ محمد اسحاق ڈار کی جانب سے تہنیتی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ابوظہبی میں پاکستان کے سفارتخانے سے منگل کو جاری بیان کے مطابق سفیر نے راس الخیمہ میں شیخ سعود بن صقر القاسمی کی قیادت میں ہونے والی حیرت انگیز ترقی کے لیے ان کی دور اندیش قیادت کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تاریخی روابط کی اہمیت پر زور دیا۔ شیخ سعود بن صقر القاسمی نے کہا کہ پاکستان ان کے دل کے بہت قریب ہے۔ انہوں نے پہاڑوں سے لے کر صحرائوں اور زرخیز زمینوں تک کے پاکستان کے متنوع جغرافیہ کو سراہا۔ سفیر نے پاکستان کے جیو سٹریٹجک محل وقوع کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان جنوبی اور وسطی ایشیا کے سنگم پر واقع ہے جو رابطوں اور سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرتا ہے۔

انہوں نے راس الخیمہ میں کاروباری برادری پر زور دیا کہ وہ ان مواقع کو تلاش کریں۔ سفیر فیصل نیاز ترمذی نے اسلام آباد چیمبر آف کامرس اور راس الخیمہ چیمبر آف کامرس کے درمیان معاہدے میں سہولت فراہم کرنے پر راس الخیمہ کے حکمران کا شکریہ ادا کیا۔ اس موقع پر شیخ سعود بن صقر القاسمی نے کہا کہ پاکستان کا مستقبل بہت اچھا ہے۔

انہوں نے تجویز دی کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کو راغب کرنے کے لیے طریقہ کار کو آسان بنانا اہم ہوگا۔ اس موقع پر سفیر فیصل نیاز ترمذی نے شیخ سعود بن صقر القاسمی کو دورہ پاکستان کی دعوت دی۔ فریقین نے تعاون کے لیے تعاون اور کاروبار سے کاروباری معاملات کو آسان بنانے پر اتفاق کیا۔ ملاقات کے دوران دبئی میں پاکستان کے قونصل جنرل حسین محمد، شیخ ڈاکٹر حمید بن احمد الحمید اور دونوں اطراف کے سینئر حکام بھی موجود تھے۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More