وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کی زیر صدارت 13واں جوائنٹ کارپوریشن کمیٹی کا جائزہ اجلاس

اے پی پی  |  Apr 30, 2024

اسلام آباد۔30اپریل (اے پی پی):وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نےکہا ہے کہ ترقی یافتہ قومیں اصولوں کو اپنا کر ہی ترقی کرتی ہیں ، چینی افراد کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے، سکیورٹی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کو ہر مہینے اپنے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگز کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو 13ویں جوائنٹ کارپوریشن کمیٹی کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف کے آئندہ ہونے والے دورہ چین اور 13 ویں جے سی سی کی تیاری کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں سیکرٹری پلاننگ اویس منظور سمرا ، صوبائی اور وفاقی وزارتوں کے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ اجلاس میں سی پیک کے حوالے سے توانائی، انفراسٹرکچر ، مواصلات، بورڈ آف انوسمنٹ، سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور وزارت آبی وسائل کے منصوبوں کا تفصیلاً جائزہ لیا گیا۔ وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کا متوقع دورہ چین انتہائی اہمیت کا حامل ہے ،یہ دورہ چین کی اعلیٰ قیادت کی دعوت پر کیا جائے گا۔ وفاقی وزیر نے تمام وزارتوں کو اپنا ہوم ورک جلد مکمل کرنے اور تمام وزارتوں کو 13ویں جے سی سی کے لئے جامع ایجنڈا بنانے کی ہدایت کی۔

انہوں نے صوبائی و وفاقی وزارتوں کو وزیر اعظم کے دورہ چین پر تین اہم منصوبے دینے اور نیو گوادر ایئرپورٹ کے لئے باقاعدہ بزنس پلان بنانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا مقصد صرف ایئرپورٹ بنانا نہیں بلکہ اس کو آپریٹ کرنا بھی ہے ، چین کی حکومت حطار کو اسپیشل اکنامک زون بنانے پر آمادہ تھی، تمام فزیبلٹی سڈیز حطار کے حق میں تھیں۔ وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں کے پی کی حکومت نے بنا ضروری سہولیات کی فراہمی اور ہوم ورک کے بغیر ہی رشکئئ کو خصوصی اقتصادی زون کا درجہ دلایا۔

احسن اقبال نے کہا کہ سی پیک معاہدہ کے وقت تین اصولوں پر اتفاق کیا گیا ، پہلا اصول جدید اور سائنسی بنیادوں پر منصوبوں کو مکمل کرنا، دوسرا سی پیک پر بتدریج ( سٹیپ بائے سٹیپ) کام کرنا جبکہ تیسرا پہلے آسان راستہ اختیار کرنا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ قومیں اصولوں کو اپنا کر ہی ترقی کرتی ہیں ، جتنے بھی چینی پاکستان میں کام کر رہے ہیں ان سب کا پہلا سوال ہی اپنے عملے کو تحفظ فراہم کرنے سے متعلق ہوتا ہے ، چینی افراد کو سکیورٹی فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ سکیورٹی کے جوائنٹ ورکنگ گروپ کو ہر مہینے اپنے سٹیک ہولڈرز کے ساتھ میٹنگز کر نے کی ضرورت ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More