متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں کے دوران لوگوں کی مدد کرنے پر پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی رضاکاروں کیلئے تعریفی اسناد

اے پی پی  |  May 02, 2024

دبئی۔2مئی (اے پی پی):متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں کے دوران لوگوں کی مدد کرنے پر پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے پاکستانی رضاکاروں کو تعریفی اسناد سے نوازا گیا ۔پاکستانی قونصلیٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق پاکستانی رضاکاروں کی ایک ٹیم جس نے دبئی متحدہ عرب امارات میں حالیہ بارشوں کے دوران سینکڑوں لوگوں اور درجنوں گاڑیوں کی مدد کی اور انہیں ریسکیو کیا، کا قونصلیٹ میں قونصل جنرل حسین محمد نے پرتپاک استقبال کیا۔

رضاکاروں کو ان کی بے مثال خدمات کے اعتراف میں قونصل جنرل نے تعریفی اسناد سے نوازا۔ اس موقع پر قونصلیٹ کے دیگر افسران اور اہلکار بھی موجود تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ ہمیں پاکستانی رضاکاروں پر فخر ہے جنہوں نے متحدہ عرب امارات میں حالیہ شدید بارشوں کے دوران غیر معمولی ہمت اور ہمدردی کا مظاہرہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ضرورت مندوں کو بچانے کے لیے ان کی بے لوث لگن انسانیت کے حقیقی جذبے کی عکاسی کرتی ہے۔ قونصل جنرل نے ان کی کوششوں کا اعتراف کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ انسانیت کی خدمت اور مہربانی کے اس طرح کے اقدامات سے دوسروں پر واضح طور پر مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں اور لوگوں کو بحران کے وقت اس طرح کا تعاون کرنے کی ترغیب ملتی ہے۔

قونصل جنرل نے کہا کہ ہم ان رضاکاروں کو دوسروں کی خدمت کے لیے ان کے غیر متزلزل عزم پر سلام پیش کرتے ہیں اور ان کے اقدامات ہم سب کے لیے ایک تحریک کا باعث ہیں۔ رضاکار ٹیم کے اراکین میں تنویر اطہر، سلیمان تنویر، شاہد ابراہیم گل، محمد اویس، عفان تنویر اور عالی زیدی شامل تھے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے تنویر اطہر نے کہا کہ حالیہ بارشوں میں ہماری خدمات کے بعد بہت سے رضاکاروں نے ہم سے رابطہ قائم کیا ہے اور مستقبل میں ایسی کسی بھی کوشش کے لیے اپنی خدمات پیش کی ہیں۔ رضاکاروں نے بتایا کہ وہ صحرائوں میں پھنسے لوگوں کو بھی بچا رہے ہیں اور انہوں نے مدد کی درخواستیں وصول کرنے کے لیے ایک موبائل ایپلیکیشن تیار کی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More