پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشرکے مرض سے آگاہی کا عالمی دن 17مئی کو منایا جائے گا

اے پی پی  |  May 05, 2024

اسلام آباد۔5مئی (اے پی پی):پاکستان سمیت دنیا بھر میں ہائی بلڈ پریشر(بلند فشار خون)کے مرض سے آگاہی کا عالمی دن 17مئی کو منایا جائے گا ۔ اس دن کے منانے کا مقصد ہائی بلڈ پریشر کی وجوہات،علامات،علاج و پرہیز اور اس کے تدارک سے متعلق عوامی شعور اجاگر کرنا ہے۔ایک رپورٹ کے مطابق دنیا بھر میں سالانہ ایک لاکھ سے زیادہ افراد ہائی بلڈ پریشر کے مرض کے باعث زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھتے ہیں جبکہ دوسری جانب ملک میں دو کروڑ سے زائد افرادہائی بلڈ پریشر کے مرض میں مبتلا ہیں جبکہ مرض کی شرح پھیلائو میں اضافہ ہو رہا ہے۔

ہائی بلڈ پریشر کی بیماری کے باعث امراض قلب،دماغی شریان پھٹنے اور گردوں کے امراض ہو سکتے ہیں جو جان لیوا بھی ثابت ہو سکتے ہیں۔ طبی ماہرین کا کہنا ہے کہ بلند فشار خون کے مرض سے بچائوکےلئے سادہ طرز زندگی اپنانے،مرغن غذائوں سے پرہیز اور ورزش کو معمولات زندگی کا حصہ بنانے کی ضرورت ہے۔

واضح رہے کہ 2005 سے لے کر اب تک دنیا بھر میں 17 مئی کو ہائیپرٹینشن یعنی ہائی بلڈ پریشر کا عالمی دن منایا جاتا ہے۔ جس کا مقصد بیماری کی آگاہی فراہم کرنے اور اس کے خلاف حفاظتی اقدام کی حوصلہ افزائی کے لئے منایا جاتا ہے۔ بلند فشار خون کے عالمی دن کی مناسبت سے ملک بھر میں محکمہ صحت اور سماجی تنظیموں کے زیر اہتمام مختلف تقریبات اور پروگرامز میں ہائی بلڈ پریشر کے اسباب اور اس کے علاج و پرہیز سے متعلق عام آدمی کو معلومات فراہم کی جائیں گی۔

مزید خبریں

تازہ ترین خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More