ایشیائی ترقیاتی بینک کی پاکستان میں معاشی استحکام لانے کیلئے حکومتی اقدامات کی تعریف

اے پی پی  |  May 06, 2024

اسلام آباد۔6مئی (اے پی پی):ایشیائی ترقیاتی بینک(اے ڈی بی) نے پاکستان کیلئے اپنی مسلسل حمایت اورتعاون کے عزم کااعادہ کرتے ہوئے ملک میں معاشی استحکام لانے کیلئے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے ضروری اقدامات کو سراہا ہے۔وزارت اقتصادی امورکی طرف سے جاری بیان کے مطاب وفاقی وزیراقتصادی اموراحدخان چیمہ سے بینک کے صدر مساتسوگو آساکاوا کی قیادت میں وفد نے ملاقات کی، یہ ملاقات بورڈ آف گورنرز کے 57ویں سالانہ اجلاس کے موقع پر ہوئی۔

ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدرنے پاکستان میں اصلاحات کے ایجنڈے پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا اور ملک میں معاشی استحکام لانے کے لیے حکومت کی طرف سے اٹھائے گئے اقدامات کی تعریف کی ، بینک کے صدر نے پاکستان کو پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ، موسمیاتی وماحولیاتی آفات سے نمٹنے، موسمیاتی موزونیت، اندرونی وسائل کومتحرک کرنے، مالیاتی شمولیت میں خواتین کے کردارکوبڑھانے اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات کیلئے اپنی مسلسل حمایت کا یقین دلایا۔ایشیائی ترقیاتی بینک کے سالانہ اجلاس میں رکن ممالک کی سینئیرقیادت شرکت کررہی ہے جس میں غذائی تحفظ، موسمیاتی تبدیلی اور بیرونی جھٹکوں سے نمٹنے کے لیے اقدامات پرغورہورہاہے 57ویں اجلاس کا موضوع ’’مستقبل کے لیے پل‘‘ رکھاگیاہے۔

پاکستان کے لیے بینک کی دیرینہ اور فراخدلانہ حمایت کو سراہتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے بینک کے صدر کو حکومت کی طرف سے متعارف کرائی گئی اصلاحات کے اقدامات سے آگاہ کیا۔انہوں نے کہاکہ اہم اصلاحات میں ٹیکس محصولات میں اضافہ، توانائی کے شعبے میں مالی استحکام کو بہتر بنانا، غیراہدافی زرتلافیوں میں کمی اور سماجی تحفظ کے دائرہ کارمیں توسیع شامل ہے ۔ احد چیمہ نے بینک کی جاری ادارہ جاتی وکیپٹل اصلاحات، کیپٹل ایڈو کیسی فریم ورک کے جائزے کی کامیاب تکمیل اور ترقی پذیر ممالک کی مدد کے لیے اگلے 10 سالوں میں 100 ارب ڈالر کی اضافی فنانسنگ کو سراہا۔

انہوں نے کہاکہ ایشیائی ترقیاتی بینک کو اضافی وسائل کو اعلیٰ اثرات کی مداخلتوں کے لیے استعمال کرنا چاہئیے جس میں سب سے زیادہ کمزور ممالک کے لیے موسمیاتی موزونیت کے اقدامات اہمیت کے حامل ہیں۔ انہوں نے وزیر اعظم پاکستان کی جانب سے ایشیائی ترقیاتی بینک کے صدر کو دورہ پاکستان کی دعوت بھی دی جسے انہوں نے قبول کر لیا۔ قبل ازیں بینک کے بورڈ آف گورنرز کے کاروباری اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وفاقی وزیر احد چیمہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی کی استعدادسے فائدہ اٹھانے کیلئے کے لیے وسیع پیمانے پر پروگرام اقدامات کے حوالہ سے حکومت پاکستان کے پختہ عزم کو اجاگر کیا۔انہوں نے کہاکہ اصلاحات کے نتیجے میں معیشت بہترہورہی ہے، مہنگائی میں کمی آرہی ہے اور معاشی نمو کے ساتھ ملکی معیشت اب استحکام کی راہ پر گامزن ہے۔انہوں نے موسمیاتی تبدیلی، اندرونی وسائل کومجتمع ومتحرک متحرک کرنے، انسانی سرمائے کی ترقی اور غذائی تحفظ کے شعبوں میں بینک کی مضبوط حمایت کی ضرورت پر زور دیا۔

وفاقی وزیر احد چیمہ نے ایشین انفراسٹرکچر انویسٹمنٹ بینک اور یورپی انویسٹمنٹ بینک کی سینئر قیادت سے ملاقاتیں بھی کیں، ان ملاقاتوں میں پاکستان میں جاری ترقیاتی پورٹ فولیوز اور مستقبل میں تعاون کے لیے ترجیحی شعبوں پر تبادلہ خیال ہوا ۔ انہوں نے دو طرفہ ترقیاتی شراکت داروں بشمول برطانیہ، جرمنی اور امریکا کے نمائندوں کے ساتھ ملاقاتیں بھی کیں اور حکومت پاکستان کے اہم ترجیحی شعبوں بشمول ٹیکس نظام کی ڈیجیٹلائزیشن ، توانائی کے بنیادی ڈھانچے اور موسمیاتی تبدیلیوں میں دوطرفہ تعاون کو مزید مضبوط بنانے پرتبادلہ خیال کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More