امریکی سفیر کی عمر ایوب سے ملاقات، ’انسانی حقوق کی صورتحال پر بات ہوئی‘

اردو نیوز  |  May 06, 2024

پاکستان میں امریکہ کے سفیر ڈونلڈ بلوم کی قومی اسمبلی میں قائدِ حزبِ اختلاف اور مرکزی سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمر ایوب خان سے ملاقات ہوئی ہے۔

پیر کو پی ٹی آئی کی طرف جاری کردہ بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان میں جمہوریت کی حالت اور قانون کی حکمرانی کی صورت حال پر تفصیلی تبادلۂ خیال ہوا۔ ملک میں بنیادی انسانی حقوق کی کیفیت اور معیشت کی صورت حال پر بھی مفصل بات چیت ہوئی۔

اس ملاقات میں چیئرمین تحریک انصاف بیرسٹر گوہر علی خان، سابق سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور مرکزی سیکریٹری اطلاعات رؤف حسن بھی موجود تھے۔

بیان کے مطابق ’عوام کے ووٹ کے حق کے خلاف ریاستی یلغار، بنیادی سیاسی آزادیوں پر عائد علانیہ اور غیرعلانیہ قدغنوں اور اظہار و ابلاغ کی آزادیوں کے خلاف غیرقانونی انتظامی اقدامات پر بھی گفتگو ہوئی۔‘

’بانی چیئرمین عمران خان، ان کی اہلیہ، تحریک انصاف کے مرد و خواتین قائدین کارکنان سمیت سینکڑوں سیاسی قیدیوں کے خلاف ماورائے دستور و قانون سیاسی انتقام کے رواں سلسلے پر بھی بات چیت کی گئی۔‘

قائدِ حزبِ اختلاف قومی اسمبلی عمر ایوب خان نے کہا کہ ’پاکستان نہایت سنگین نوعیت کے سیاسی، آئینی اور معاشی بحرانوں کی زد میں ہے۔ آئین سے سنگین انحراف اور قانون کی حکمرانی کی بدترین صورت حال سب سے بڑھ کر معیشت کی تباہی کا پیش خیمہ بن رہی ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’آئین کی جانب سے شہریوں کو فراہم کردہ بنیادی حقوق، سیاسی آزادیاں اور ووٹ کا حق ملک میں سیاسی استحکام کے ضامن ہیں۔‘

عمر ایوب نے کہا کہ ’امریکہ پاکستان کا سب سے بڑا تجارتی پارٹنر ہے۔ دوطرفہ منفعت کے لیے باہمی اعتماد اور احترام کی بنیاد پر امریکہ کے ساتھ تعلقات کے تسلسل اور ان میں وسعت کے خواہاں ہیں۔‘

انہوں نے مزید کہا کہ ’معاشی ترقی کا کوئی کلیہ قانون کی حکمرانی کے بغیر کارگر ثابت نہیں ہو سکتا۔‘

بیان کے مطابق امریکی سفیر کی جانب سے پاکستان کی کثیرالجہتی ترقی میں بطور شراکت دار کردار ادا کرتے رہنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More