این ڈی ایم اے پاکستان کی جنیوا میں اقوام متحدہ کے انساراج سٹیئرنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت

اے پی پی  |  May 08, 2024

جنیوا۔8مئی (اے پی پی):نیشنل ڈیزاسٹر منیجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) پاکستان نے جنیوا میں اقوام متحدہ کے انساراج سٹیئرنگ گروپ کے اجلاس کی صدارت کی۔ اقوام متحدہ کے انساراج اسٹیئرنگ گروپ کا اجلاس جنیوا، سوئٹزرلینڈ میں منعقد ہوا جس نے عالمی سطح پر گورننس اور آفات سے نمٹنے کی حکمت عملیوں کے لیے ایک اہم موقع فراہم کیا۔

ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق اس اجلاس کا اہتمام اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ برائے انسانی امور (یو این اوچا) نے کیا جس میں تین خطوں سے رکن ممالک نے شرکت کی۔ نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کے چیئرمین اور ایشیا پیسیفک ریجن کے موجودہ چیئرمین لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے موسمیاتی تبدیلی کے باعث رونما ہونے والی آفات سے پیدا ہونے والے چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے علاقائی تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔

“گورننس ریویو رپورٹ پریزنٹیشن اور سفارشات” کے عنوان سے منعقدہ سیشن کے دوران، لیفٹیننٹ جنرل انعام حیدر نے ڈیزاسٹر ریسپانس میکانزم کو بڑھانے کے لیے پالیسی گائیڈ لائنز متعارف کرانے کی اہمیت پر زور دیا۔

اپنے خطاب میں، انہوں نے ایک مضبوط تربیتی نظام اور ایمرجنسی رسپانس ٹیموں کے لیے مشقوں کی اہمیت کو اجاگر کیا اور ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی کوششوں کے لیے ٹیکنالوجی کے استعمال پر زور دیا۔ چیئرمین این ڈی ایم اے نے آفات کے خطرے میں کمی اور ردعمل کے لیے جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی ضرورت پر بھی روشنی ڈالی۔

انہوں نے انساراج گورننس کا جامع جائزہ تیار کرنے میں انساراج سیکرٹریٹ کی کوششوں کو سراہا۔ چئیرمین این ڈی ایم اے نے پاکستان کے سرچ اینڈ ریسکیو کیلیے خصوصی اقدامات کے علاوہ قومی رضاکاروں، نجی شعبے کو آفات سے نمٹنے کے عمل میں شامل کرنے اور صنعتی آفات سے نمٹنے کے لیے اقدامات کے بارے میں آگاہ کیا۔

مزکورہ بین الاقوامی فورم پر پاکستان کے آفات سے نمٹنے کے لئے جدید خطوط پر استوار سہولیاتی مرکز اور عالمی سطح پر باہمی تعاون کیلیے اٹھائے گئے اقدامات کو بے حد سراہا گیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More