پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تجارت سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ، جام کمال خان

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر تجارت جام کمال خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور بیلاروس کے درمیان دوطرفہ تجارت سے دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید تقویت ملے گی ۔بدھ کو وزارت تجارت کے جاری اعلامیہ کے مطابق ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر تجارت نے پاکستان میں بیلا روس کے سفیر اینڈری میٹی لسٹا سے اپنے دفتر میں ملاقات کے دوران کیا۔

اس موقع پر وفاقی وزیر تجارت نے کہا کہ پاکستان بیلاروس کو مختلف قسم کی اشیاء برآمد کرتا رہا ہے جس میں ادویات، آپٹیکل/طبی آلات، چاول، چمڑے کا سامان، ٹیکسٹائل، کٹلری، جوتے، کھیلوں کا سامان ، سوتی کپڑا، نمک اور آم شامل ہیں تاہم بیلاروس سے پاکستان کی درآمدات میں ٹریکٹر، کھاد، لکڑی کا گودا اور موٹر گاڑیاں شامل ہیں۔ وزیر تجارت جام کمال نے کہا کہ دنیا بھر میں چوتھے بڑے ڈیری پروڈیوسر کے طور پر پاکستان جانا جاتا ہے اور پاکستان اس شعبے میں ایک بڑا برآمد کنندہ بننے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ وزیر تجارت نے بیلاروس کے سفیر کو تجویز پیش کی کہ بیلاروس پاکستان کی زرعی ضروریات کو پورا کرنے کے لیے اپنے ٹریکٹرز کو اپ گریڈ کرے۔ انہوں نے کہا کہ 19.05 ملین ڈالر کے تجارتی حجم کے ریکارڈ کے باوجود دونوں ممالک کے درمیان تجارت کا یہ حجم اب بھی اپنی حقیقی صلاحیت سے کم ہے۔

ملاقات میں بیلاروس کے سفیر نے کہا کہ بیلاروس ہارویسٹرس اور الیکٹرک وہیکل (ای وی) ٹرانسپورٹ کی تیاری میں مہارت رکھتا ہے، دونوں ممالک کو اس شعبے ایک دوسرے سے تعاون کرنا چاہیے ۔ وزیر تجارت جام کمال نے تجارت کے حجم کو بڑھانے اور دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کے لیے بزنس ٹو بزنس (بی ٹو بی) میٹنگز اور گورنمنٹ ٹو گورنمنٹ (جی ٹو جی) ڈائیلاگ کی اہمیت پر بھی زور دیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More