پی ٹی آئی رہنما شیر افضل مروت پارٹی قیادت سے مایوس کیوں ہوئے؟

اردو نیوز  |  May 08, 2024

پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما شیر افضل مروت عمران خان سے ملاقات کرنے اڈیالہ جیل گئے مگر اُنہیں آج بھی ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی۔

اس کے بعد شیر افضل مروت نے کہا کہ اُن کی عمران خان سے ملاقات میں شبلی فراز اور عمر ایوب خان حائل ہیں۔

بدھ کو اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیر افضل مروت نے مزید کہا کہ ’پارٹی کے بعض رہنما اُن کی ٹانگیں کھینچ رہے ہیں اور انہیں عمران خان سے ملاقات نہیں کرنے دی جا رہی۔‘

اس کے بعد شیر افضل مروت نے پارٹی کی موجودہ قیادت کے ساتھ کام نہ کرنے کا اعلان بھی کر دیا۔

اُن کا کہنا تھا کہ ’شبلی فراز اور عمر ایوب نے آج بھی عمران خان سے ملاقات نہیں ہونے دی۔ دونوں نے پارٹی سے کہا کہ اگر مجھے پبلک اکاؤنٹس کمیٹی (پی اے سی) کی چیئرمین شپ دی گئی تو ہمیں قبول نہیں۔ مجھے اب پی ٹی آئی کی موجودہ قیادت پر اعتماد نہیں ہے۔‘

شیر افضل مروت نے کہا کہ ’پی ٹی آئی کو میں نے اس وقت اُٹھایا جب یہ سب لوگ چھپے ہوئے تھے اور پارٹی مردہ گھوڑا بن چکی تھی۔خدمت کا صلہ یہ ملا کہ سوشل میڈیا ٹیم میرے خلاف مہم چلا رہی ہے۔‘

’وہ آج کچھ متنازع باتیں کریں گے۔کل بھی عمران خان سے ملاقات کے لیے آیا۔ سپرنٹنڈنٹ نے کہا کہ عمران خان آپ سے علحیدہ ملیں گے۔ آج بھی جیل سپرنٹنڈنٹ نے ملاقات نہیں کرائی۔‘

شیر افضل مروت نے کہا کہ ’شبلی فراز اور عمر ایوب نے میری یہ ملاقات نہیں ہونے دی۔ شبلی فراز نے کہا کہ ن لیگ کہتی ہے اگر ان کو پبلک اکاؤنٹس کمیٹی کا چیئرمین بنائیں گے تو ہمیں قبول نہیں ہے۔‘ ۔

انہوں نے کہا کہ ’میں سب رہنماؤں کو ان کے حلقوں میں لے کر گیا۔ آٹھ فروری کو یہ آئے تو انہوں نے مجھے پیچھے کر دیا۔میں نے عمران خان کو بتایا ہے کہ جماعت کے اندر لوگ میری ٹانگیں کھینچ رہے ہیں۔‘

’مجھے پنی ذات کی بے توقیری کسی صورت قبول نہیں ہے۔ بانی پی ٹی آئی نے مجھے پولیٹیکل کمیٹی کا ممبر بنایا تھا۔ پولیٹیکل کمیٹی میں ووٹنگ کر کے مجھے ہٹایا گیا۔‘

’میرے بھائی کو ڈی نوٹیفائی کرنے کا مطلب تذلیل کرنا تھا۔ میں بطور احتجاج ان کے ساتھ کام کرنے سے انکار کرتا ہوں۔‘

’مجھےعہدوں کی کوئی لالچ نہیں‘

شیر افضل مروت کا کہنا تھا کہ مجھے عہدوں کی کوئی لالچ نہیں۔ میں تو الیکشن بھی لڑنا نہیں چاہتا تھا۔ عمران خان کے کہنے پر الیکشن لڑا۔ میں بانی پی ٹی آئی کے لیے نکلا تھا، آزادی کے لیے نکلا تھا۔میں جس ایجنڈے کے لیے نکلا تھا وہ ایجنڈا آج ختم ہو گیا۔‘

’یہ لوگ آئیں اور قیادت کریں میں ان کی پیروی کروں گا۔ یہ اپنے بیان دے دیں پھر میں ان کا کچا چٹھہ کھولوں گا۔‘

شیر افضل مروت کے ساتھ کوئی ذاتی لڑائی نہیں: عمر ایوب

عمر ایوب خان نے کہا ’ شیر افضل مروت کا نام میں نے ہی دیا تھا‘ (فوٹو: سکرین گریب)سیکریٹری جنرل پاکستان تحریک انصاف عمر ایوب نے شیر افضل مروت کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ بانی چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان ہی ہمارے قائد ہیں۔ وہ کہیں گے تو استعفی بھی دے دیں گے۔‘ 

انہوں نے کہا کہ ‘میری شیر افضل مروت سے کوئی لڑائی نہیں۔ شیر افضل مروت کا نام میں نے ہی دیا تھا۔ بانی چیئرمین تک میری رسائی نہیں ہے۔ ان سے ملاقات کر کے ضرور پوچھیں کہ شیر افضل مروت کا نام کیوں واپس لیا گیا۔‘

’عمران خان شیر افضل کے رویے پر ناراض ہوئے‘

پی ٹی آئی کے ایک ترجمان نے اردو نیوز سے گفتگو میں کہا ہی کہ ’بانی پی ٹی آئی شیر افضل مروت کے غیر ذمہ دارانہ رویے سے ناراض ہو گئے ہیں اور جیل میں ملاقات سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد شیر افضل مروت بانی پی ٹی آئی سے بغیر ملاقات جیل سے واپس چلے گئے تھے۔‘

اُن کے مطابق ’شیر افضل مروت کا دوست ممالک سے متعلق بیان اور خواجہ آصف سے ملاقات ناراضی کی وجہ بنی اور چیئرمین پی اے سی کے لیے ان کا نام بھی غیر ذمہ دارانہ رویے کی بنیاد پر واپس لیا گیا۔‘

اس سے قبل شیر افضل مروت نے چیئرمین پی اے سی کے عہدے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ ’بانی پی ٹی آئی نے پی اے سی کے فیصلے کو سیاسی کمیٹی میں ریفر کیا اور نہ ہی بانی پی ٹی آئی نے اب تک اپنا فیصلہ تبدیل کیا ہے۔‘

ان کا کہنا تھا کہ ’کل بانی پی ٹی آئی سے ملاقات کروں گا اور اس فراڈ سے آگاہ کروں گا۔ کمیٹی اجلاس کے بارے میں آگاہ کیا گیا اور نہ ہی ایجنڈے میں ایسی کوئی چیز تھی۔‘

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More