زرعی شعبہ کی پیداوار میں اضافے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں ڈیری کی صنعت کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے، وزیر خزانہ سینیٹر محمد اورنگزیب کی پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیر خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرعی شعبہ کی پیداوار میں اضافے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں ڈیری کی صنعت کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا چاہئے۔انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں سی ای او فوجی فوڈز لمیٹڈ عثمان ظہیر کی قیادت میں پاکستان ڈیری ایسوسی ایشن کے وفد سے ملاقات میں کہی ۔وزیر خزانہ نے زرعی جی ڈی پی میں اضافے اور معاشی ترقی کو فروغ دینے میں ڈیری صنعت کے اہم کردار پر زور دیا۔

انہوں نے کاروبار کی ترقی کے لیے سازگار ماحول کی فراہمی کے حوالہ سے حکومت کے عزم کا اعادہ کیا اور کہا کہ خاص طور پر ڈیری کا شعبہ برآمدات میں اضافے کے لیے امید افزاء مواقع کا حامل ہے ۔ وزیر خزانہ نے ڈیری انڈسٹری کے ایگزیکٹوز کی حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ ڈیری کی صنعت کو ایسے اقدامات شروع کرنے کی ضرورت ہے جس سے نہ صرف بڑے پیمانے پر پیداوار کرنے والوں کو فائدہ پہنچے بلکہ چھوٹے پیمانے پر کسانوں کے لیے مواقع بھی پیدا ہوں۔ ملاقات کے دوران ڈیری صنعت کے نمائندوں نے ڈیری برآمدات میں اضافے کے رجحان سے فائدہ اٹھانے کے حوالہ سے اپنے عزم کا اعادہ کیا ۔

انہوں نے ڈیری برآمدات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ڈیری برآمدات کو ٹیکس سے مستثنیٰ کرنے کی تجویز پر غور کرنے کی درخواست کی تاکہ اس شعبے میں مزید توسیع میں مدد مل سکے ۔ وفاقی وزیر نے متعلقہ حکام کو میرٹ کے مطابق تجویز پیش کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فریقین کی جانب سے اس شعبے کی برآمدی صلاحیت کو بڑھانے، جدت کو فروغ دینے اور بین الاقوامی معیارات پر پورا اترنے کے طریقوں کو اپ گریڈ کرنے پر اتفاق ہوا۔ وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں ڈیری صنعت کے نمایاں کردار اور صلاحیت پر اپنے اعتماد کا اظہار کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More