جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید میں فرانسیسی حکومت کا تعاون قابل تعریف ہے، حکومت برآمدات کے فروغ اور کلیدی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی فرانسیسی سفیر سے ملاقات میں گفتگو

اے پی پی  |  May 08, 2024

اسلام آباد۔8مئی (اے پی پی):وفاقی وزیرخزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید میں فرانسیسی حکومت کے تعاون کوسراہتے ہوئے کہاہے کہ حکومت برآمدات کے فروغ اورزراعت، آئی ٹی اور دیگر کلیدی شعبوں میں غیرملکی سرمایہ کاری لانے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ بات بدھ کویہاں پاکستان میں فرانس کے سفیر نکولس گالے سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان و فرانس کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال ہوا۔وزیر خزانہ نے فرانسیسی سفیر کا خیرمقدم کیا اور پاکستان کو جی ایس پی پلس سٹیٹس کی تجدید میں فرانسیسی حکومت کی طرف سے دی جانے والی حمایت و تعاون کو سراہا۔ وزیر خزانہ نے فرانسیسی سفیر کو معیشت کے استحکام کے لیے حکومت کی جانب سے کیے گئے اقدامات سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ان اقدامات کے نتیجہ میں زرعی پیداوار میں قابل ذکر اضافہ ہوا ہے، زرمبادلہ کے ذخائر 9 ارب ڈالر سے زائد ہو چکے ہیں، پاکستانی کرنسی مستحکم ہو رہی ہے، افراط زر میں بتدریج کمی آ رہی ہے جبکہ سٹاک مارکیٹ میں بھی تیزی آ رہی ہے ۔ انہوں نے فرانسیسی سفیرکو سٹینڈ بائی معاہدے کے تحت آئی ایم ایف کے جائزے کی کامیاب تکمیل سے بھی آگاہ کیا۔ وزیرخزانہ نے سفیر کو حکومت کی جانب سے اہم اصلاحات سے بھی آگاہ کیا جن میں نجکاری،سرکاری کاروباری اداروں میں اصلاحات ، ایف بی آر کی ڈیجیٹلائزیشن ،برآمدات پرمبنی نمو اور توانائی کے شعبے میں اصلاحات شامل ہیں۔

وزیر خزانہ نے سرمایہ کاروں کی سہولت، سرمایہ کاری اور اقتصادی ترقی کو فروغ دینے کے عمل کو ہموار کرنے کے لیے ایک اہم پلیٹ فارم کے طور پر خصوصی سرمایہ کاری سہولت کونسل کے کردار پر بھی روشنی ڈالی۔ فرانسیسی سفیر نے پاکستانی حکومت کے اقدامات کی تعریف کی اور پاک فرانس اقتصادی تعاون کے مستقبل کے حوالے سے امید کا اظہار کیا۔ سفیر نے پائیدار اقتصادی ترقی کے لیے باہمی دلچسپی کے شعبوں میں تکنیکی تعاون کی پیشکش بھی کی۔ انہوں نے معیشت کے استحکام میں حکومت پاکستان کی طرف سے کی گئی پیش رفت کی تائید کی اور مزید تعاون کے امکانات پر اعتماد کا اظہار کیا۔ فریقین نے اقتصادی تعلقات کو گہرا کرنے، سرمایہ کاری کے مواقع تلاش کرنے اور دو طرفہ تجارت کو وسعت دینے کے اپنے عزم کا اعادہ کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More