شرپسندوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے، شہداء کے ورثا کا عزم

اے پی پی  |  May 09, 2024

اسلام آباد۔9مئی (اے پی پی):شہداء کے ورثا نے اس عزم کا اعادہ کیا ہے کہ شرپسندوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے، ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، اس کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے، 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کوئی قوم نہیں کر سکتی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو وزارت اطلاعات کے زیر اہتمام شہداء اور ان کے خاندانوں سے اظہار یکجہتی کی تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے کیا۔

تقریب میں وزیراعظم محمد شہباز شریف، وفاقی وزراء، ارکان پارلیمنٹ سمیت اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ تقریب میں اظہار خیال کرتے ہوئے میجر منیب افضل شہید کے والد میر افضل خٹک نے کہا کہ میرے بیٹے سمیت تمام شہداء میں پنے ملک و قوم کی خدمت اور دفاع کا جذبہ بے پایاں ہوتا ہے، میرے بیٹے نے فرض پر سمجھوتہ نہیں کیا، جو لوگ ملک و قوم کیلئے جان قربان کریں انہیں مردہ نہیں کہتے، جس راہ میں ہمارے بیٹے شہید ہوئے ہیں ہمیں اس پر فخر ہے، ہمارے شہداء نے ہمارا سر بلند کر دیا ہے، نوجوانوں کے جذبے جواں ہیں، کوئی دشمن میلی آنکھ سے پاکستان کی طرف نہیں دیکھ سکتا ۔آئی جی اسلام آباد علی ناصر رضوی نے کہا کہ شہداء کے ورثا کو سلام پیش کرتے ہیں، 9 مئی 2023 کا دن بھول نہیں سکتا، چند شرپسند عناصر ایک پولیس افسر کی آنکھ لے لیں گے تو کیا پولیس کا جذبہ ماند پڑ جائے گا، 9 مئی کو مجھے شہادت بھی قبول تھی لیکن میرا نام غازیوں میں شامل ہوا، پولیس افسران و اہلکار شہادت کے جذبے سے سرشار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ شرپسندوں نے لوگوں کی املاک اور حساس تنصیبات کو نقصان پہنچایا، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے آئین و قانون پر عمل کیا، شرپسندوں کے آگے کسی صورت نہیں جھکیں گے، 9 مئی کے شرپسندوں سر نیچے ہیں اور ہمارے سر فخر سے بلند ہیں ، شرپسندوں اور دہشت گردوں کو معلوم ہونا چاہئے کہ ہم جذبہ شہادت سے سرشار ہیں۔

بیوہ کرنل سہیل عابد شہید نے کہا کہ ہمیں اپنے شہداء پر فخر ہے، اس کو سیاست کی بھینٹ نہیں چڑھانا چاہئے۔ بیوہ میجر اکبر اعوان شہید نے کہا کہ میجر اکبر اعوان نے اپنے خون کا آخری قطرہ بھی اس وطن اور قوم پر نچھاور کر دیا، پاک فوج نے ہمیں بھی تنہا نہیں چھوڑا۔والدہ کیپٹن کاشف شہید نے کہا کہ بیٹے کی شہادت پر فخر ہے، میرے بیٹے نے ملک کیلئے جان قربان کی، 9 مئی کے واقعات نے ہمیں دکھ دیا، 9 مئی کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے، شہداء کی یادگاروں کی بے حرمتی کوئی قوم نہیں کر سکتی۔شہید کے بیٹے شیرازاوپل نے کہا کہ گذشتہ سال 9 مئی کے واقعات سے دلی تکلیف ہوئی، ملک کیلئے جان قربان کرنے والوں کی قدر کرنی چاہئے۔ انہوں نے شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے خود نغمہ بھی پیش کیا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More