ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے، یقین ہے کہ ہاکی کاکھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا، وزیراعظم محمد شہبازشریف کا خطاب

اے پی پی  |  May 16, 2024

اسلام آباد۔16مئی (اے پی پی):وزیراعظم محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ مجھے یقین ہے کہ ہاکی کاکھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا،ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لئے کوئی کسرنہیں چھوڑیں گے، کھلاڑیوں کو محکموں میں دوبارہ شامل کرنے کی پالیسی پر ایک ہفتے میں عملدرآمد کیاجائے،پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑی اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں ہارکر بھی جیت گئے ہیں، میری خواہش ہے کہ کھلاڑیوں کی کارکردگی ایسی کہ ان میں ماضی کے ہیروز دکھائی دیں۔

ان خیالات کااظہار انہوں نے جمعرات کو وزیراعظم ہائوس میں اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کا فائنل کھیلنے والی قومی ہاکی ٹیم کے اعزازمیں تقریب سے خطاب کرتےہوئے کیا ۔ تقریب میں وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطااللہ تارڑ،وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال، وزیراعظم یوتھ پروگرام کے چیئرمین رانا مشہود احمد خان، وزیرمملکت برائے انفارمیشن ٹیکنالوجی شزہ فاطمہ ،پاکستان ہاکی فیڈریشن کے عہدیداراوں اور کھلاڑیوں نے بھی شرکت کی۔ وزیراعظم نے کہاکہ آج آپ کے سامنے مہمان خصوصی بن کر نہیں بلکہ آپ نے پاکستان کے نام کو ہاکی میدان میں بلند کرنے کے لئے دنیاکے سامنے جو شاندار کارکردگی پیش کی ہے اسے سراہنے کے لئے موجود ہوں۔ آج کی تقریب کے مہمان خصوصی قومی ہاکی ٹیم کے کپتان ، کھلاڑی ، فیڈریشن کے عہدیدار اور اولمپکس گیمزمیں حصہ لینے والے دوسرے کھلاڑی ہیں۔

وزیراعظم نے کہا کہ سب کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتےہیں۔پوری قوم اس بات کی گواہی دے رہی ہے کہ اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں ہماری ہاکی ٹیم ہاری نہیں جیتی ہے ۔ پچھلے ڈیڑھ دو عشروں میں پاکستان میں ہاکی کا کھیل انحطاط کا شکار رہا ۔ سمجھ نہیں آتی تھی کہ کب وہ دن آئے گا جب پاکستان کے عوام آپ کی کارکردگی دیکھ کر صلاح الدین ، اختر رسول اور دوسرے مایہ نازکھلاڑیوں کو یاد کریں گے۔ ان عظیم کھلاڑیوں اور ہیروز نے پوری دنیا میں پاکستان کا پرچم بلند کیا۔ آج کسی حیل و حجت کے بغیر یہ بات کرسکتاہوں کہ ہمارے وہ ماضی کے عظیم دن واپس آ گئے ہیں۔ وزیراعظم نے کہاکہ مجھے یقین ہے کہ ہاکی کاکھیل دوبارہ عروج حاصل کرے گا۔میری خواہش ہے کہ ہاکی کے کھلاڑیوں کی کارکردگی ایسی ہو کہ ماضی کےہیروز آپ میں دکھائی دیں۔ ہاکی ٹیم کی مربوط کاوش آج رنگ لائی ہے۔ وزیراعظم نے کہاکہ ہار جیت کھیلا کا حصہ ہے لیکن جس طریقے سے آپ نے مقابلہ کیا ہے وہ مستقبل میں جیت کی نوید ہے۔ شاندار کارکردگی پر ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں ، ان کے والدین ، کوچز اور منتظمین کو مبارکباد اور سلام پیش کرتاہوں۔ہاکی کے فروغ اور بحالی کے لئے وفاقی حکومت بھرپور تعاون کرے گی۔ہاکی کےکھیل کی بہتری کے لئے کوئی کسر نہیں چھوڑیں گے۔ اس سلسلہ میں فیڈریشن اور دیگر فریقین کے ساتھ مل کر اقدامات کئے جائیں گے۔

وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم کی حکومت کی مشترکہ کاوشوں پاکستان دیوالیہ ہونے سے بچ گیا۔ گزشتہ دور حکومت میں 16 مہینے ہمارے لئے انتہائی مشکل تھے ۔ ان مشکل حالات میں ہم نے ملکی معیشت کو بہتری کی طرف گامزن کیا۔ اس وقت ہم نے کرکٹ، ہاکی اور دیگر کھیلوں کے کھلاڑیوں کو محکموں میں شامل کرنے کی پالیسی کا اعلان کیا تھا۔ اب اس کو یقینی بنایا جائےگاکہ ہمارے ممتازکھلاڑیوں کو اداروں میں ملازمت کے مواقع فراہم کئے جائیں تاکہ وہ کھیل کے میدان میں پوری طرح اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا سکیں اور انہیں وسائل کی کمی کاسامنا نہ ہو۔وزیراعظم نے وفاقی وزیر بین الصوبائی رابطہ اور چیئرمین وزیراعظم یوتھ پروگرام کو ہدایت کی کہ ایک ہفتے کے اندر اس پالیسی کااجرااور عملدرآمد یقینی بنایا جائے۔

اس موقع پر پاکستان ہاکی ٹیم کےسابق کپتان شہبازاحمد نے کہا کہ اس تقریب میں ہمیں شرکت کرکے بہت خوشی ہوئی ہے۔وزیراعظم نےکھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی ہے ۔ انشااللہ یہ پاکستان کے لئے میڈلز جیت کر لائیں گے۔سابق اولمپین فلائنگ ہارس سمیع اللہ نے کہاکہ قومی ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں کی وجہ سے ہمیں اس تقریب میں شرکت کا موقع مل رہا ہے۔ہماری دعا ہے کہ پاکستان میں ہاکی فروغ پائے۔ ہاکی کے کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی اسی طرح ہونی چاہیے اور کھلاڑیوں کو بھی چاہیے کہ وہ اپنی کارکردگی سے ثابت کریں کہ وہ پاکستان کے لئے جیت کے میڈلز لاتے رہیں۔ سابق اولمپین صلاح الدین نے کہا کہ ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں نے بہت محنت کی ہے۔

وزیراعظم کھیلوں میں بھرپور دلچسپی لیتے ہیں اور کھیل اور کھلاڑیوں سے محبت کرتےہیں۔ وزیراعظم نے اس چیزکو محسوس کیا کہ ان کھلاڑیوں کو حوصلہ افزائی کی ضرورت ہے ۔ ہاکی ہمارا قومی کھیل ہے۔ کھلاڑی ملک اور قوم کے لئے کھیلتے ہیں انہیں ذرا سی بھی توجہ مل جائے تو یہ اپنے ملک کے لئے جان کی بازی لگا دیتے ہیں۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے سنٹر فارورڈ عبدالرحمان نے کہا کہ انہوں نے پہلی مرتبہ بین الاقوامی سطح پر مقابلےمیں حصہ لیا ۔اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ کے فائنل میں اپنی شکست کا جاپان سے جلد بدلہ لیں گے۔ پاکستان ہاکی ٹیم کے کپتان عماد بٹ نے کہاکہ ہماری ٹیم نے اپنی پرفارمنس میں کوئی کمی نہیں چھوڑی ، انشا اللہ آگے چل کے ملک کے لئے کامیابیاں حاصل کریں گے۔اس موقع پر وزیراعظم نے پاکستان ہاکی ٹیم کے کھلاڑیوں، ایتھلیٹ ارشد ندیم اور پیرس اولمپکس کے لئےکوالیفائی کرنے والے رایفل شوٹنگ ٹیم میں چیک تقسیم کئے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More