صدر ابراہیم رئیسی کے قافلے میں شامل ہیلی کاپٹر کو حادثہ: ایرانی سرکاری میڈیا

بی بی سی اردو  |  May 19, 2024

ایران کے سرکاری میڈیا کے مطابق ایرانی صدر ابراہیم رئیسی کے قافلے میں شامل ایک ہیلی کاپٹر کو صوبہ مشرقی آذربائیجان کے علاقے جلفا میں حادثہ پیش آیا ہے۔

ایرانی وزیرِ داخلہ احمد واحدی کی جانب سے اس حادثے کی تصدیق کی گئی ہے۔ تاہم تاحال یہ واضح نہیں ہے کہ ایرانی صدر اس ہیلی کاپٹر میں موجود تھے جسے ایرانی سرکاری میڈیا کے مطابق ’ہارڈ لینڈنگ‘ کا سامنا کرنا پڑا۔

ایرانی صدر اتوار کی صبح صوبہ مشرقی آذربائیجان کے دورے پر گئے تھے جہاں انھوں نے آذربائیجان اور ایران کی سرحد پر آذربائیجان کے صدر کے ساتھ مل کر ایک ڈیم کا افتتاح کیا تھا۔

مقامی میڈیا کے مطابق حادثہ اس وقت پیش آیا جب صدر ابراہیم رئیسی فضائیہ قافلہ ایرانی شہر تبریز کی طرف سفر کر رہا تھا۔ جس جگہ پر یہ حادثہ پیش آیا ہے وہ تبریز شہر سے تقریباً 50 کلومیٹر دور شمال میں واقع ہے۔

سرکاری میڈیا کے مطابق ہیلی کاپٹرز میں صدر ابراہیم رئیسی کے علاوہ وزیرِ خارجہ حسین امیر عبداللہیان، مشرقی آذربائیجان کے گورنر ملک رحمتی اور دیگر سرکاری افسران سوار تھے۔

ہیلی کاپٹر کو ملک کے شمال مغربی حصے میں جس مقام پر حادثہ پیش آیا ہے وہاں حکام کے مطابق خراب موسم کے سبب ریسکیو ٹیموں کو پہنچنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔

اس حادثہ کی صورت میں ہونے والے نقصان کے حوالے سے کوئی معلومات تاحال موصول نہیں ہوئی ہیں۔

تبریز شہر سے منتخب ہونے والے ایرانی پارلیمنٹ کے رکن احمد علی رضا بیگی نے تہران میں صحافیوں کو بتایا کہ ریسکیو اہلکار جائے حادثہ کا تعین کرنے میں تاحال کامیاب نہیں ہو سکے ہیں۔

ان کے مطابق ایرانی صدر کے قافلے میں شامل دو مزید ہیلی کاپٹرز اپنی منزل پر پہنچ چکے ہیں۔

ایران کے سرکاری ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی ویڈیوز میں مشہد میں لوگوں کو صدر ابراہیم رئیسی کی صحت کے لیے دعا کرتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔

یہ بریکنگ نیوز سٹوری ہے جسے اپ ڈیٹ کیا جا رہا ہے۔

ایرانی صدر کا دورۂ پاکستان: سخت گیر عالم اور ’ڈیتھ کمیٹی‘ کے سابق رکن ابراہیم رئیسی کون ہیں؟جمیلہ علم الہدیٰ: مشکل وقت میں شوہر کا ساتھ دینے والی ایرانی صدر کی اہلیہ کون ہیں؟کشیدگی کے چند ہفتوں بعد پاکستان نے ایران کے ساتھ گیس پائپ لائن منصوبے پر کام کی منظوری کیوں دی؟
مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More