"ایک بہت زلزلہ اس وقت آ رہا ہے، استنبول میں بہت شدید زلزلہ محسوس کیا جا رہا ہے۔"
یہ الفاظ تھے ترک نیوز اینکر میلتم بوزبے اوغلو کے، جب بدھ کے روز 6.2 شدت کا زلزلہ ترکی کو لرزا گیا—اور وہ لمحہ براہِ راست ٹی وی پر نشر ہوا۔
سی این این ترکی کے اسٹوڈیو میں میلتم بوزبے اوغلو ایک لائیو شو کی میزبانی کر رہی تھیں کہ زمین نے ہلنا شروع کیا۔ روشنیوں کی جھلملاہٹ اور اسٹوڈیو کی لرزتی دیواروں کے بیچ، وہ لمحہ کیمرے میں قید ہو گیا جب اینکر نے سانس روکی، چند لمحے کے لیے چونکیں، مگر پھر خود کو سنبھال کر رپورٹنگ جاری رکھی۔ اسی دوران اینکر نے کنٹرول روم سے اپنی ماں کی خیریت معلوم کرنے کی درخواست بھی کی۔ یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر اس وقت تیزی سے وائرل ہوچکی ہے۔
رپورٹ کے مطابق زلزلے کی شدت اتنی زیادہ تھی کہ مغربی ترکی کے کئی علاقوں میں عمارتیں لرز گئیں اور کاروں کے الارم بجنے لگے۔
ترک ایمرجنسی مینجمنٹ اتھارٹی (AFAD) کے مطابق زلزلے کا مرکز استنبول سے 40 کلومیٹر جنوب مغرب میں، بحیرہ مرمرہ کے اندر تھا۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق یہ زلزلہ سطح زمین سے صرف 10 کلومیٹر کی گہرائی پر آیا، جس کی وجہ سے اس کی شدت اور زیادہ محسوس کی گئی۔
خوش قسمتی سے اب تک کسی جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی، لیکن جیسے ہی زمین نے جنبش لی، لوگ گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔