لاہور: ایچ بی ایل پی ایس ایل 10 کے 18 ویں میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے خلاف ملتان سلطانز کی پوری ٹیم 89 رنز پر ڈھیر ہوگئی۔
لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں کھیلے جارہے میچ میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ملتان سلطانز کے خلاف ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔ ملتان سلطانز کی بیٹنگ لائن پتوں کی طرح بکھر گئی اور پوری ٹیم 17 اوور میں 89 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
ملتان سلطانز کے کپتان محمد رضوان 44 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ ان کے علاوہ کوئی بھی بیٹر کوئٹہ کی بولنگ کا مقابلہ نہ کرسکا۔ ملتان سلطانز کے 9 کھلاڑی ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔ محمد رضوان پاکستان سپر لیگ میں بیٹ کیری کرنے والے پہلے کھلاڑی بن گئے۔
کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے خرم شہزاد نے چار کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ان کے علاوہ فہیم اشرف اور وسیم جونئیر نے دو، دو وکٹیں حاصل کیں۔ پی ایس ایل کے پوائنٹس ٹیبل پر اس وقت کوئٹہ گلیڈی ایٹرز 6 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے جبکہ ملتان سلطانز 2 پوائنٹس کے ساتھ آخری نمبر پر ہے۔