جنگی صورتحال، پاکستان ریلوے کی مسلح افواج کیلئے خصوصی ٹرینیں

سچ ٹی وی  |  May 09, 2025

جنگ جیسی صورتحال کے پیش نظر پاکستان ریلوے (پی آر) کے آپریشنز کو ملک بھر میں ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، پاکستان ریلوے کی جانب سے مسلح افواج کی جنگی صورتحال میں نقل و حرکت کے لیے تیار کی گئی خصوصی ٹرینوں کو فورسز استعمال کرسکیں گی۔

ذرائع کے مطابق چیف ایگزیکٹو آفیسر پاکستان ریلوے عامر علی بلوچ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ’ہم مسلح افواج کے ساتھ رابطے میں ہیں، تاکہ انہیں جب بھی ضرورت ہو نقل و حمل سے متعلق خدمات فراہم کی جا سکیں، اس مقصد کے لیے رولنگ اسٹاک کو (ویگنز، کوچز، انجن وغیرہ) مختص کیا گیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ جب ہمیں اسٹاک منتقل کرنے کہا جائے گا، تو ہم کچھ ہی وقت میں انہیں فراہم کر دیں گے، ہم تیار ہیں اور اپنی افواج کے ساتھ کھڑے ہیں۔ عامر علی بلوچ کے مطابق پاکستان ریلوے کی مسافر اور مال بردار ٹرینوں کا آپریشن معمول کے مطابق جاری ہے، ریلوے کو ابھی تک کسی مسئلے کا سامنا نہیں ہے۔

تاہم ٹرینوں کے آپریشن، ریلوے اسٹیشنوں وغیرہ کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے، ریلوے آپریشنز کو کم کرنے کا کوئی منصوبہ نہیں ہے، مخصوص مدت کے لیے فضائی حدود کی بندش اور وقتاً فوقتاً طیاروں کے آپریشنز کی معطلی کے دوران ایسا نہیں کیا جاسکتا۔

انہوں نے کہا کہ ہم اپنی ٹرینوں میں ان تمام مسافروں کو سہولت فراہم کرنا چاہتے ہیں، جو ہوائی سفر کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بڑے اسٹیشنوں اور ٹرینوں کی سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More