ایران کا جوابی وار۔۔ 100 سے زائد ڈرونز سے اسرائیل پر حملہ کردیا

ہماری ویب  |  Jun 13, 2025

ایران نے اسرائیلی جارحیت کا جواب دیتے ہوئے 100 مسلح ڈرونز اسرائیل کی جانب روانہ کر دیے ہیں، جس کی تصدیق اسرائیلی فوج نے بھی کر دی ہے۔ بتایا گیا ہے کہ ایرانی حملے میں درجنوں مقامات کو نشانہ بنایا گیا ہے، جبکہ دفاعی نظام مکمل طور پر متحرک کر دیا گیا ہے۔

یہ کارروائی اسرائیل کے اس فضائی حملے کے بعد سامنے آئی ہے جس میں تہران کو ہدف بنایا گیا اور پاسداران انقلاب کے سربراہ میجر جنرل حسین سلامی سمیت اہم فوجی اور سائنسی شخصیات جاں بحق ہو گئیں۔ ایرانی میڈیا نے اس حملے کو قومی سانحہ قرار دیا ہے، اور ملک بھر میں ایمرجنسی نافذ ہے۔

ایران نے ڈرون حملے کو "براہ راست ردعمل" قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ صرف آغاز ہے، اور اگر اسرائیل نے مزید کارروائی کی تو جواب مزید سخت ہو گا۔ سرکاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جو اہداف نشانہ بنائے گئے، وہ اسرائیلی فوجی تنصیبات اور اہم مقامات تھے۔

اس وقت ایران کی اعلیٰ قیادت سیکیورٹی معاملات پر مسلسل مشاورت میں مصروف ہے جبکہ تمام اہم شہروں میں ہائی الرٹ جاری ہے۔ ایران کی فضائی حدود بدستور عام پروازوں کے لیے بند ہے۔ اسرائیل کے مختلف علاقوں میں خطرے کے سائرن بجنے کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔

اسرائیلی ذرائع کا کہنا ہے کہ حملے سے قبل ایران کی جانب سے کسی بھی طرح کی پیشگی اطلاع نہیں دی گئی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ حملہ مکمل طور پر غیر متوقع تھا۔ خطے میں صورتحال شدید کشیدگی کا شکار ہے، جبکہ بین الاقوامی برادری اس بحران کو پُرامن طریقے سے روکنے کی کوششوں میں مصروف ہے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More