اسرائیل کا ایران پر بڑا حملہ: پاسداران انقلاب کے کمانڈراورجوہری سائنسدان شہید

سچ ٹی وی  |  Jun 13, 2025

اسرائیل نے ایران پر بڑا حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں ایرانی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور ایرانی پاسداران انقلاب کے سربراہ جنرل حسین سلامی، جوہری سائنسدان محمد مہدی طہرانچی اور فریدون عباسی بھی شہید ہوگئے، اسرائیل نے حملے میں ایران کے جوہری اور عسکری مراکز کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے جبکہ ایرانی میڈیا کے مطابق حملوں میں خواتین اور بچوں سمیت 5 شہری شہید اور 20 زخمی ہوئے ہیں۔

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حکومت نے ایران پر رات کے وقت کیے گئے حملوں سے اپنی کڑوی اور تکلیف دہ تقدیر رقم کر دی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیل نے کہا ہے کہ اس نے جمعے کو ایران کی جوہری تنصیبات، بیلسٹک میزائل فیکٹریوں اور عسکری کمانڈرز کو نشانہ بنایا ہے اور خبردار کیا کہ یہ ایک طویل آپریشن کا آغاز ہے جس کا مقصد تہران کو ایٹمی ہتھیار بنانے سے روکنا ہے۔

ایرانی میڈیا اور عینی شاہدین نے اطلاع دی کہ ملک کی مرکزی یورینیم افزودگی تنصیب نطنز سمیت مختلف مقامات پر دھماکے ہوئے، جبکہ اسرائیل نے ممکنہ ایرانی میزائل اور ڈرون حملوں کے خدشے کے پیش نظر ہنگامی حالت کا اعلان کر دیا۔

ایران کے سرکاری خبر رساں ادارے ارنا نے تصدیق کی ہے کہ تہران پر کیے گئے اسرائیلی حملوں میں ایران کی مسلح افواج کے سربراہ میجر جنرل محمد باقری اور پاسداران انقلاب کے چیف کمانڈر میجر جنرل حسین سلامی شہید ہو گئے ہیں۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا نے ایران کے جوہری سائنسدان اور اسلامی آزاد یونیورسٹی کے صدر محمد مہدی طہرانچی اور معروف جوہری سائنسدان اور ایرانی ایٹمی توانائی تنظیم کے سابق سربراہ فریدون عباسی اور خاتم الانبیا ہیڈکوارٹرز کے کمانڈر میجر جنرل غلام علی راشد کی شہادت کی بھی تصدیق کردی ہے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کے مطابق اسرائیلی حملوں میں ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کے مشیر خاص اور پاسداران انقلاب کے کمانڈر علی شمخانی بھی شدید زخمی ہوئے ہیں۔

صہیونی حکومت نے اپنی درد ناک تقدیر لکھ دی، خامنہ ای

ایران کے سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای نے جمعے کی صبح قوم سے اپنے پیغام میں کہا کہ صہیونی حکومت کو سخت سزا کا انتظار کرنا چاہیے۔

انہوں نے کہاکہ صیہونی حکومت نے اپنی خبیث اور خونی ہاتھوں سے ہمارے عزیز وطن میں ایک جرم کا ارتکاب کیا اور رہائشی علاقوں کو نشانہ بنا کر اپنی فطرت کی اور بھی زیادہ خباثت ظاہر کی۔

آیت اللہ خامنہ ای نے کہا کہ اس حکومت کو سخت جواب کا سامنا کرنا ہوگا، انہوں نے تصدیق کی کہ اسرائیلی حملوں میں ہمارے کئی کمانڈرز اور سائنسدان شہید ہوئے، ان کے جانشین اور ساتھی فوراً ان کا کام سنبھال لیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اس جرم کے ذریعے صیہونی حکومت نے اپنے لیے ایک کڑوی اور دردناک تقدیر لکھ دی ہے اور وہ یقینی طور پر اس انجام کو دیکھے گی۔

ایرانی مسلح افواج کے ترجمان بریگیڈیئر جنرل ابوالفضل شیکرچی نے رہائشی عمارتوں سمیت ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ حملوں پر اسلامی جمہوریہ کا ردعمل بھاری ہوگا۔

بریگیڈیئر جنرل شیکرچی نے اپنے بیان میں کہا کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے راتوں رات کیے جانے والے حملے، جو ان کے بقول امریکی حمایت سے کیے گئے تھے، کا بھرپور جواب ملے گا۔

انہوں نے کہا کہ اسرائیلی حکومت کی طرف سے رات بھر کیے جانے والے حملے، جو ان کے بقول امریکی حمایت سے کیے گئے تھے، کا بھرپور جواب ملے گا۔

اسرائیلی حملے کا جواب سخت اور فیصلہ کن ہوگا:

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایران اسرائیلی حملے کا سخت جواب دینے کی منصوبہ بندی کر رہا ہے۔

ایک ایرانی سیکیورٹی ذریعے نے رائٹرز کو بتایا کہ اسرائیلی حملے کا جواب سخت اور فیصلہ کن ہوگا، جب ان سے پوچھا گیا کہ آیا حملہ فوری ہوگا یا نہیں، تو اہلکار نے کہا کہ ایران کی جوابی کارروائی کی تفصیلات اعلیٰ ترین سطح پر زیرِ غور ہیں ۔

ایرانی خبر رساں ادارے ارنا کے مطابق ایرانی وزارت خارجہ نے کہا ہے کہ ایران کے خلاف صہیونی حکومت کی جارحانہ کارروائیاں امریکا کی منظوری اور ہم آہنگی کے بغیر ممکن نہیں ہو سکتی تھیں،لہٰذا امریکی حکومت اسرائیل کی اس مہم جوئی کے خطرناک نتائج کی ذمہ دار ٹھہرائی جائے گی۔

دریں اثنا، اسرائیلی وزیرِاعظم بنیامین نیتن یاہو نے کہا کہ اسرائیل کی کارروائی نے نطنز کی ایٹمی تنصیب اور جوہری سائنسدانوں سمیت ایران کے جوہری افزودگی کے پروگرام کے مرکز کو نشانہ بنایا ہے، ایران کے خلاف کارروائی جتنے دن بھی درکار ہوں جاری رہے گی۔

اسرائیلی حملوں میں 5 شہری شہید اور 20 زخمی ہوگئے، ایرانی میڈیا:

قبل ازیں اسرائیلی حکومت نے جمعہ کی صبح تہران اور ایران کے دیگر شہروں میں فوجی حملے شروع کیے۔

خبر رساں ادارے رائٹرز کی رپورٹ کے مطابق ایرانی پریس ٹی وی کے مطابق تہران کے رہائشی علاقوں میں اسرائیلی حملوں میں 5 شہری شہید اور 20 زخمی ہوگئے۔

تصاویر میں دارالحکومت کے مختلف علاقوں میں تباہ شدہ رہائشی عمارتیں دکھائی گئیں، عینی شاہدین اور سرکاری ٹی وی کے رپورٹرز نے کہا کہ متاثرہ علاقوں میں خواتین اور بچوں کی لاشیں دیکھی گئیں۔

یہ حملے رات گئے کیے گئے، ایران کی سرکاری نیوز ایجنسی ارنا کے مطابق سوشل میڈیا پر تہران کے افق پر دھوئیں کے بادلوں کی تصاویر اور ویڈیوز گردش کرنے لگیں۔

ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق، ایرانی پاسدارانِ انقلاب کے ایک اہم مقام پر آگ اور دھواں دیکھا گیا، جبکہ مرکزی صوبے میں نطنز شہر میں بھی دھماکوں کی آوازیں سنی گئیں۔

ایران اور عراق میں فضائی حدود بند:

تہران کے مرکزی بین الاقوامی ہوائی اڈے امام خمینی ایئرپورٹ پر فضائی ٹریفک روک دی گئی جبکہ عراق نے بھی اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں اور تمام ہوائی اڈوں پر پروازیں معطل کر دی گئی ہیں۔

اسرائیل نے ہنگامی حالت کا اعلان کرتے ہوئے اپنی فضائی حدود بند کر دی ہیں، اسرائیلی وزیرِ دفاع، اسرائیل کاٹز نے کہا کہ تہران کی جانب سے جوابی کارروائی کا امکان موجود ہے۔

اسرائیل کاٹز نے کہا کہ اسرائیل کی جانب سے ایران پر پیشگی حملے کے بعد اسرائیل اور اس کی شہری آبادی پر میزائل اور ڈرون حملہ کسی بھی لمحے متوقع ہے۔

ایک اسرائیلی فوجی اہلکار نے مزید کہا کہ اسرائیلی فوج کو یقین ہے کہ ایران کسی بھی وقت حملہ کر سکتا ہے۔

ٹرمپ کی وارننگ کے بعد کیے گئے ان حملوں کے باعث تیل کی قیمتوں میں8 فیصد تک اضافہ ہوا جبکہ اسٹاک مارکیٹس میں مندی دیکھی گئی ہے۔

واشنگٹن ان حملوں میں شامل نہیں، مارکو روبیو:

امریکی وزیرِ خارجہ مارکو روبیو نے ایران کو متنبہ کیا کہ وہ اسرائیلی حملے کے جواب میں امریکی اڈوں کو نشانہ نہ بنائے اور کہا کہ واشنگٹن ان حملوں میں شامل نہیں ہے۔

روبیو نے ایک بیان میں کہا کہ میں واضح کر دوں ایران کو امریکی مفادات یا اہلکاروں کو نشانہ نہیں بنانا چاہیے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More