’یہ سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے‘، پاکستان کا انڈین طیارے کے حادثے پر اظہار افسوس

اردو نیوز  |  Jun 13, 2025

پاکستان کے وزیراعظم شہباز شریف نے انڈیا کے شہر احمد آباد کے قریب جمعرات کی دوپہر ہونے والے ایئر انڈیا کے مسافر بردار طیارے کے حادثے پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

جمعرات کو ایکس پر اپنے بیان میں وزیراعظم شہباز شریف نے اس حادثے میں جانی نقصان پر لواحقین سے تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ’اس دلخراش واقعے کے تمام متاثرین کے لیے اس صدمے کو برداشت کرنے کے لیے دعاگو ہیں۔‘

پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیرِخارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی ایئر انڈیا کی پرواز کے المناک حادثے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔اسحاق ڈار نے جمعرات کو ’ایکس‘ پر اپنی پوسٹ میں کہا کہ ’احمد آباد (گجرات) میں ایئر انڈیا کی پرواز کے حادثے پر افسوس ہوا۔‘

اے پی پی کے مطابق اس افسوس ناک واقعے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر تعزیت کرتے ہوئے انہوں نے دکھ کی اس گھڑی میں سوگوار خاندانوں سے ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔

اس کے علاوہ مسلم لیگ ن کے صدر اور سابق وزیراعظم نواز شریف نے بھی حادثے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

نواز شریف نے اپنے ایکس اکاؤنٹ پر ایک بیان میں کہا کہ ’میری دلی ہمدردیاں ان قیمتی جانوں کے اہل خانہ کے ساتھ ہیں جو احمد آباد میں ایئر انڈیا کے افسوس ناک طیارہ حادثے میں گزر گئیں۔‘

انہوں نے کہا کہ ’یہ المناک سانحہ سرحدوں سے بالاتر ہے اور یہ ہمیں ہماری مشترکہ انسانیت کی یاد دلاتا ہے۔ وزیراعظم نریندر مودی اور بھارتی عوام سے میری گہری تعزیت۔‘

Our hearts go out to the families & loved ones affected by today's tragic crash. At #PIA, we stand in solidarity with our fellow aviation community, offering our deepest condolences to Flight 171 and all those impacted.#planecrash

— PIA (@Official_PIA) June 12, 2025

پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے بھی انڈیا میں طیارے کے حادثے پر اظہارِافسوس کیا اور کہا کہ ’آج انڈیا میں طیارہ گرنےکا دلخراش واقعہ پیش آیا ہے۔ اس سانحے پر انڈین عوام سے ہمدردی اور اظہار تعزیت کرتے ہیں۔‘

پاکستان کی قومی ایئر لائن پی آئی اے نے بھی اس واقعے پر بھی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More