’پُرتعیش زندگی گزارنا چاہتی تھی‘، ڈیٹ کے ذریعے امیروں کو لوٹنے والی چینی لڑکی

اردو نیوز  |  Jun 17, 2025

چین میں ایک خاتون نے 14 لاکھ امریکی ڈالر کا ایک گھر خریدنے کے لیے ایک سکیم بنائی جس میں وہ امیر مردوں سے ڈیٹ پر جاتی اور پھر ان کے گھروں میں گھس کر انہیں لوٹ لیتی۔

ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق وسطی چین کے دیہی علاقے ہنان سے تعلق رکھنے والی 24 سالہ ین زیو ایک غریب گھرانے میں پیدا ہوئی۔ 18 برس کی عمر میں وہ اپنے بوائے فرینڈ کے ایک دوست کی شاندار شادی میں گئی۔ جوڑے کے ڈیزائنر کپڑوں، گھر اور پرائیویٹ عملے کو دیکھ کر ین میں حسد اور ہر حال میں آگے بڑھنے کی خواہش پیدا ہو گئی۔

ین نے پولیس کو بتایا کہ ’میں نے محسوس کیا کہ مجھے بھی ایسی ہی پرتعیش زندگی گزارنی چاہیے لیکن اس کے لیے مجھے خود کمانا پڑے گا۔‘

اس نے پانچ برس میں 14 لاکھ ڈالر بچانے کا ہدف مقرر کیا تاکہ شینزین میں گھر خرید سکے اور اپنے خاندان کے ساتھ وہاں رہ سکے۔

ین نے ایک ٹیچر کے مشورے پر بیجنگ میں ہوٹل میں نوکری کر لی لیکن ایک برس بعد ہی ملازمت کے سخت ضوابط سے مایوس ہو کر چھوڑ دی اور پھر واپس ہنان میں سیلز اسسٹنٹ، ماڈل اور لائیو سٹریمر کے طور پر کام کیا۔ انہوں نے ایک معمولی رقم جمع بھی کر لی لیکن وہ اپنے ہدف سے بہت دور تھی۔

مارچ 2021 میں ین نے شنگھائی کے ایک بار میں کام کرنا شروع کیا، جہاں مقامی سماجی اور ڈیٹنگ چیٹ گروپس میں شمولیت اختیار کی۔

اپنی خوبصورتی کے بارے میں پُراعتماد ین زیو نے امیر مردوں کو اپنی طرف متوجہ کرنے کے لیے خود کو ایک سماجی شخصیت کے طور پر متعارف کرایا۔ اور اس کے لیے جہاں اپنی صحت پر توجہ دی، وہیں اپنی زیادہ تر بچت سے پلاسٹک سرجری کرائی اور عمدہ کھانے اور آداب کی کلاسز لیں۔

امیر لوگوں کے گھر سے ین زیو کے ہاتھ جو کچھ آتا چوری کر لیتی (فوٹو: ساؤتھ چائنہ مارننگ پوسٹ)اس کے بعد انہوں نے سوشل میڈیا پر امیر مردوں کو نشانہ بنانا شروع کر دیا۔ وہ ان کے ساتھ ڈیٹ کرتیں اور پھر شنگھائی کے کچھ امیر لوگوں کے ولاز میں رہنے لگیں اس دوران وہ لوگ کہیں جاتے تو اپنے کچھ ساتھیوں کی مدد سے وہ ڈیزائنر بیلٹ سے لے کر صوفوں اور آلات تک سب کچھ چوری کر لیتیں، اور پھر یہ سب سیکنڈ ہینڈ آن لائن پلیٹ فارمز پر بیچ دیا جاتا۔یوں کچھ ہی مہینوں میں انہوں نے آٹھ مردوں سے 30 ہزار ڈالر لوٹے۔

زیادہ تر لوگ بدنامی کے ڈر سے خاموش رہتے لیکن ین زیو کے نویں بوائے فرینڈ جنہوں نے اپنے گھر میں سکیورٰ کمیرے لگوا رکھے تھے، انہیں پکڑ لیا اور پولیس میں رپورٹ درج کرا دی۔

اس کے بعد پولیس نے ین کو چوری اور فراڈ کے الزام میں گرفتار کر لیا اور ان پر مقدمہ چل رہا ہے، تاہم ان کی سزا کے بارے میں ابھی تک صورت حال واضح نہیں ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More