کراچی میں موسم ایک بار پھر تبدیل ہونے کو ہے اور آج دوپہر سے بادلوں کی گرج اور بجلی کی چمک کے ساتھ وقفے وقفے سے بارش متوقع ہے۔ محکمۂ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ شہر کے جنوبی علاقوں میں گھنے بادل موجود ہیں، جو کسی بھی وقت تیز بارش برسا سکتے ہیں۔
آج شہر کا درجۂ حرارت زیادہ سے زیادہ 31 ڈگری سینٹی گریڈ تک جا سکتا ہے جبکہ فضا میں نمی کا تناسب 90 فیصد کے قریب ریکارڈ کیا گیا ہے، جس کے باعث حبس اور گھٹن میں اضافہ متوقع ہے۔ اس وقت کراچی میں شمال مشرقی سمت سے 10 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے ہوائیں چل رہی ہیں، تاہم سمندری ہوائیں جزوی طور پر معطل ہونے کے باعث موسم مزید بوجھل محسوس ہو رہا ہے۔
محکمۂ موسمیات کے ترجمان کے مطابق رواں ہفتے کے آخر یعنی 5 یا 6 جولائی کو مون سون کا نیا سسٹم سندھ کے علاقوں پر اثر انداز ہو سکتا ہے، جو بارش کے سلسلے کو مزید بڑھا سکتا ہے۔ دوسری جانب ملک کے دیگر حصوں میں بھی آج مختلف مقامات پر بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
شہریوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور موسم کی تازہ ترین صورتحال سے باخبر رہیں تاکہ کسی ممکنہ پریشانی سے بچا جا سکے۔