اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے اے ٹی سی سے توہین عدالت نوٹس پر ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا

ہماری ویب  |  Jul 19, 2025

قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر عمر ایوب نے سوشل میڈیا پر 9 مئی کیسز پر تنقید کی وجہ سے انسداد دہشت گردی عدالت سےجاری توہین عدالت نوٹس اور گواہوں پر جرح کا حق ختم کئے جانے کیخلاف لاہور ہائیکورٹ سے رجوع کرلیا۔

لاہور ہائیکورٹ میں بیرسٹر سلمان ابوزر نیازی کے توسط سے دائر درخواست میں کہا گیا ہے کہ انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد میں زیر سماعت نو مئی کیس میں بطور ملزم حاضری سے استثنیٰ کیلئے درخواست دی گئی لیکن عدالت نے 25 جون کو درخواست گزار کے سوشل میڈیا پر عدالت پر کی جانے والی تنقیدی پوسٹ کو جواز بنا کر توہین عدالت کا نوٹس جاری کردیا جبکہ میرے موکل کو سرکاری گواہوں پر جرح کی اجازت بھی نہیں دی جا رہی۔

انسداد دہشت گردی عدالت فیصل آباد کے جج درخواست گزار کو فیئر ٹرائل کا حق نہیں دے رہے۔ عدالت کیجانب سے شہادتیں ریکارڈ ہونے کے بعد ضابطہ فوجداری کی دفعہ 342 کے تحت بیان بھی ریکارڈ کرانے کی اجازت نہیں دی جا رہی۔ درخواست میں مزید کہا گیا ہے کہ عمر ایوب کیجانب سے کیس کے ٹرائل پراصرار پر توہین عدالت کا نوٹس جاری کر دیا جو فیئر ٹرائل کے حق کیخلاف ہے لہذا انسداد دہشت گردی کیجانب سے جاری توہین عدالت کا نوٹس کالعدم کیا جائے اور ٹرائل کورٹ کو دفعہ 342 کے تحت بیان ریکارڈ کرنے کا حکم دیا جائے۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More