ڈیگاری میں مرد اور خاتون قتل کیس کا معاملہ، پولیس نے واقعے میں نامزد گرفتار ملزم بشیراحمد کا 2 روزہ جسمانی ریمانڈ حاصل کرلیا، جوڈیشل مجسٹریٹ 12 سیف اللہ ترین نے پولیس کی استدعا پر ریمانڈ دیا۔
ویڈیو میں بشیراحمد کو فائرنگ کے دوران دیکھا جاسکتا ہے، عدالت نے بشیراحمد کو 2 روزہ ریمانڈ پر سیریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کردیا۔
دوسری جانب چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے چیمبر میں ایڈیشنل چیف سیکریٹری داخلہ حمزہ شفقات، ایڈیشنل آئی جی ایڈمن سید وزیر، ایس پی سریس کرائم انویسٹی گیشن ونگ صبور اور تفتیش افسر جاوید بزادر بھی پیش ہوئے، جنہوں نے کیس میں ہونے والی پیشرفت، گرفتاریوں اور قبرکشائی سے متعلق رپورٹ پیش کردی۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ روزی خان بڑیچ نے نوٹس لیا تھا۔ پولیس سرجن عائشہ فیض نے مرد اور خاتون کی قبرکشائی اور پوسٹ مارٹم رپورٹ کے حوالے سے "ہماری ویب" کو بتایا کہ ہم نے لاشوں کا پوسٹ مارٹم ڈیگاری کے قبرستان میں کیا، جس میں یہ بات سامنے آئی کہ لڑکی کو 7 گولیاں لگی تھیں جبکہ لڑکے کو 9 گولیاں ماری گئیں۔ یہ قبرستان ڈیگاری قادر بخش کول مائنز کے قریب واقع ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لڑکے کو پیٹ اور سینے میں گولیاں لگی تھیں جبکہ لڑکی کے سر پر گولیاں ماری گئی تھی، خاتون کی عمر 35 سے 36 سال تھی اور مرد کی 38 سے 39 سال تھی۔ یہ واقعہ چار جون 2025 کو پیش آیا تھا۔