پاکستان، افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان سہ فریقی ٹی20 سیریز کا شیڈول جاری

اردو نیوز  |  Aug 02, 2025

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے اعلان کیا ہے کہ پاکستان کرکٹ ٹیم 29 اگست سے 7 ستمبر کے درمیان شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے ساتھ سہ فریقی ٹی ٹوئنٹی سیریز کھیلے گی۔

یہ ٹورنامنٹ ایشین کرکٹ کونسل (ACC) کے آٹھ ٹیموں پر مشتمل مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ سے قبل کھلاڑیوں کو متحدہ عرب امارات کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے اور تیاری کا موقع فراہم کرے گا۔

ایشین کرکٹ کونسل کا مینز ٹی ٹوئنٹی ایشیا کپ 9 سے 28 ستمبر کے درمیان منعقد کیا جائے گا۔

سہ فریقی سیریز کا افتتاحی میچ جمعہ، 29 اگست کو افغانستان اور پاکستان کے درمیان کھیلا جائے گا، میچ شام 7 بجے شروع ہوگا۔

اس ٹورنامنٹ میں ہر ٹیم دوسری ٹیموں کے خلاف دو دو میچز کھیلے گی، یوں ہر ٹیم کو کم از کم چار میچز کھیلنے کا موقع ملے گا۔

ان میچز کے بعد پوائنٹس ٹیبل کی سرفہرست دو ٹیمیں فائنل کے لیے کوالیفائی کریں گی، جو 7 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔

ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق، 29 اگست کو افغانستان اور پاکستان کے درمیان میچ شام 7 بجے ہو گا۔ 30 اگست کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات آمنے سامنے ہوں گے۔

یکم ستمبر کو متحدہ عرب امارات اور افغانستان کے درمیان مقابلہ ہوگا۔ 2 ستمبر کو پاکستان ایک بار پھر افغانستان سے ٹکرائے گا، 4 ستمبر کو پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ ہوگا، 5 ستمبر کو افغانستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان میچ ہوگا اور آخر میں فائنل 7 ستمبر کو شام 7 بجے شارجہ کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More