’پاکستان اور امریکہ تجارتی معاہدے کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں‘

اردو نیوز  |  Aug 11, 2025

پاکستان کے وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی نے کہا ہے کہ پاکستانی اور امریکی حکام تجارتی معاہدے کی تفصیلات کو حتمی شکل دینے کے لیے مذاکرات کر رہے ہیں، جس میں واشنگٹن کی جانب سے سرمایہ کاری کے وعدے بھی شامل ہیں۔

بلال اظہر کیانی نے پیر کو امریکی خبر رساں ادارے بلومبرگ ٹی وی کو ایک انٹرویو میں کہا کہ پاکستان امریکہ کو کچھ اہم برآمدات پر بہتر ٹیرف حاصل کرنے اور توانائی، کان کنی اور معدنیات جیسے شعبوں میں سرمایہ کاری کے وعدوں کی یقین دہانی چاہتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ امریکہ پاکستان کی سب سے بڑی برآمدی منڈی ہے، جہاں سنہ 2024 کے مطابق سالانہ برآمدات کا حجم پانچ ارب ڈالر سے زائد ہے۔ دونوں ممالک امریکی مصنوعات کے لیے مارکیٹ تک رسائی بڑھانے اور نان ٹیرف رکاوٹوں میں کمی سے متعلق مذاکرات کر رہے ہیں۔

وزیر مملکت برائے خزانہ نے کہا کہ ’مزید تفصیلات کے ساتھ معاہدے پر آئندہ مہینوں میں مذاکرات اور گفتگو کی جائے گی۔‘

خیال رہے کہ پاکستان امریکہ کے ساتھ اپنے تعلقات کو مضبوط کر رہا ہے، اور دونوں ممالک فوجی و معاشی روابط کی بحالی میں سنجیدگی کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

پاکستانی فوج کے سربراہ فیلڈ مارشل عاصم منیر گذشتہ دو ماہ کے دوران دوسری بار امریکہ کے دورے پر ہیں، جو دونوں ممالک کے درمیان بڑھتی ہوئی قربت کی علامت ہے۔

امریکہ نے پاکستان کی برآمدات پر 19 فیصد ٹیرف عائد کیا ہے جو ابتدائی طور پر صدر ٹرمپ کی جانب سے عائد کردہ 29 فیصد کی شرح سے نمایاں طور پر کم ہے، اور انڈیا اور بنگلہ دیش جیسے دیگر جنوبی ایشیائی ممالک کی نسبت بھی کافی کم ہے۔

 

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More