زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خطرہ.. ماہرین نے شہریوں کو کیا اہم ہدایات جاری کردیں؟

ہماری ویب  |  Sep 04, 2025

ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ بدھ کی شب آنے والے زلزلے کے بعد آفٹر شاکس کا خطرہ موجود ہے، اس لیے شہری احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔ ماہرین کے مطابق عوام کو چاہیے کہ غیر ضروری طور پر عمارتوں کے اندر قیام سے گریز کریں، کھلی جگہوں میں رہنے کی کوشش کریں، بجلی کے آلات اور دیواروں سے دور رہیں اور پرسکون انداز میں حفاظتی اقدامات پر عمل کریں۔

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سمیت ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کیے گئے جن کے باعث خوف و ہراس پھیل گیا اور شہری کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

محکمہ موسمیات اسلام آباد کے مطابق زلزلے کی شدت ریکٹر اسکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ اس کی گہرائی 111 کلومیٹر تھی۔ زلزلے کا مرکز افغانستان کے ہندوکش ریجن میں تھا جو پاکستان کے شمالی علاقوں کے قریب واقع ہے۔

زلزلے کے جھٹکے اسلام آباد، راولپنڈی، اٹک، پشاور، مانسہرہ، ہنگو، ایبٹ آباد، سوات اور مالاکنڈ سمیت کئی شہروں میں واضح طور پر محسوس کیے گئے۔ بلند و بالا عمارتوں میں رہنے والے افراد خاص طور پر خوفزدہ ہوئے اور فوری طور پر عمارتوں سے باہر نکل آئے۔

ریسکیو حکام کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع نہیں ملی تاہم ایمرجنسی سروسز اور اسپتالوں کو ہائی الرٹ کر دیا گیا ہے تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے فوری طور پر نمٹا جا سکے۔

یاد رہے کہ پاکستان زلزلہ فالٹ لائن پر واقع ہے اور ماضی میں بھی متعدد مرتبہ شدید زلزلے تباہی کا باعث بن چکے ہیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More