نیا ٹریفک قانون.. اب سگنل توڑنے اور تیز گاڑی چلانے پر کیا سزا ملے گی؟

ہماری ویب  |  Oct 04, 2025

حکومتِ سندھ نے صوبے بھر میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزیوں کے تدارک کے لیے بھاری جرمانوں اور ڈی میرٹ پوائنٹس کا نیا نظام نافذ کر دیا ہے۔

سینیئر وزیرِ اطلاعات و ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن کے مطابق یہ نظام موٹروہیکلز آرڈیننس 1965 کے بارہویں شیڈول میں ترمیم کے بعد نافذ کیا گیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اوور اسپیڈنگ، سگنل توڑنے، غلط سمت میں گاڑی چلانے، اوورلوڈنگ اور بغیر لائسنس ڈرائیونگ سمیت دیگر خلاف ورزیوں پر اب سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

اوور اسپیڈنگ پر موٹر سائیکل کے لیے 5 ہزار روپے، کار کے لیے 15 ہزار روپے اور ہیوی ٹرانسپورٹ کے لیے 20 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جائے گا ساتھ ہی 8 ڈی میرٹ پوائنٹس دیے جائیں گے۔

بغیر ڈرائیونگ لائسنس گاڑی چلانے پر 50 ہزار روپے جرمانہ اور 6 ڈی میرٹ پوائنٹس ہوں گے،لاپرواہ ڈرائیونگ پر 25 ہزار روپے جرمانہ اور 8 پوائنٹس دیے جائیں گے۔

اسی طرح ون وہیلنگ، بغیر ہیلمٹ موٹر سائیکل چلانے، دھندلے شیشے لگانے، غلط لین میں گاڑی چلانے اور مسافروں کو چھت پر بٹھانے پر بھی بھاری سزائیں دی جائیں گی۔

شرجیل انعام میمن نے واضح کیا کہ یہ اقدامات محض جرمانے وصول کرنے کے لیے نہیں بلکہ شہریوں کی جانیں بچانے اور روڈ سیفٹی کو یقینی بنانے کے لیے کیے گئے ہیں۔

صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ سگنل توڑنا، اوور اسپیڈنگ اور ون وہیلنگ جان لیوا حرکات ہیں۔ اب بار بار خلاف ورزی کرنے والوں کے ڈرائیونگ لائسنس معطل یا منسوخ کیے جا سکیں گے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈی میرٹ پوائنٹس سسٹم کی بدولت مسلسل خلاف ورزی کرنے والوں کا مکمل ریکارڈ رکھا جا سکے گا جو نظام دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی کامیابی سے رائج ہے۔

شرجیل انعام میمن نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ ٹریفک پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ حادثات میں کمی لائی جا سکے اور سندھ کی سڑکیں ہر شہری کے لیے محفوظ بنائی جا سکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More