Getty Images
میراتھون کی تیاری ویسے ہی مشکل ہوتی ہے، لیکن روزہ رکھتے ہوئے دنیا کے بہترین ایتھلیٹس کے خلاف 26.2 میل کی دوڑ کی تیاری کرنا اس سے بھی زیادہ سخت ہے۔
محمد محمد اُن باصلاحیت برطانوی ایتھلیٹس میں شامل ہیں جو مو فرح کے برطانوی میراتھون ریکارڈ کے قریب پہنچ رہے ہیں۔
لیکن اس سال کے لندن میراتھون کی تیاری کے دوران 28 سالہ ایتھلیٹ محمد محمد رمضان کے روزوں اور سخت ٹریننگ میں توازن برقرار رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ ان کے ٹریننگ سیشن رات ایک بجے تک ختم ہوتے ہیں۔
برطانیہ کے بہترین رنرز کی فہرست میں چوتھے نمبر پر موجود محمد نے یہ مشورہ نظرانداز کیا کہ وہ اپنی کارکردگی بہتر بنانے کے لیے روزے موخر کر دیں۔ ان کا موجودہ ریکارڈ دو گھنٹے، سات منٹ اور پانچ سیکنڈ ہے۔
محمد پریس ایسوسی ایشن کو بتایا کہ 'کچھ لوگ سمجھتے ہیں کہ مجھے ٹریننگ کے دوران روزہ نہیں رکھنا چاہیے۔ خاص طور پر اب، جب میرا مقابلہ قریب ہے۔'
'وہ کہتے ہیں کہ پہلے ٹریننگ پر توجہ دوں اور بعد میں روزے رکھ لوں۔ لیکن میں اس کا عادی ہوں۔ یہ میری روٹین بن چکی ہے۔ میں اس مشورے کا شکر گزار ہوں، مگر میں بس اپنا کام کرتا رہتا ہوں۔'
محمد اس وقت مراکش کے اٹلس پہاڑوں میں واقع قصبے افرین میں مقیم ہیں جہاں وہ اپریل کی ریس کی تیاری کر رہے ہیں۔
یہ مقام انھیں رات کے وقت ٹریک پر فلڈ لائٹس کی روشنی میں محفوظ ٹریننگ کی سہولت دیتا ہے جہاں وہ دوسرے مسلمان ایتھلیٹس کے ساتھ ٹریننگ کر سکتے ہیں۔ دیگر ایتھلیٹس بھی رمضان میں دن کے وقت کھانے پینے سے پرہیز کرتے ہیں۔
محمد کے دن اکثر صبح کے ابتدائی اوقات تک طویل ہو جاتے ہیں۔ وہ پہلا سیشن شام 4 بجے کے قریب کرتے ہیں، پھر افطار کر کے نماز پڑھتے ہیں اور اس کے بعد دوسرا سیشن مکمل کرتے ہیں۔
جب وہ مناسب مقدار میں توانائی بحال کر لیتے ہیں تو ایک دو گھنٹے سو جاتے ہیں۔ پھر صبح 4 بجے کے قریب سحری کے لیے اٹھتے ہیں اور پھر دوبارہ آرام کرتے ہیں۔
انھوں نے اعتراف کیا کہ 'یہ تھوڑا سخت ہے۔
'میں اپنے کام کو سنجیدگی سے لیتا ہوں۔ لیکن میرے لیے رمضان سب سے زیادہ اہم ہے۔ یہ میری توجہ مرکوز رکھتا ہے، مجھے یہ سمجھنے میں مدد دیتا ہے کہ میں کون ہوں اور کیا کر سکتا ہوں۔'
Getty Images
محمد ان چار موجودہ برطانوی میراتھون رَنرز میں شامل ہیں جنھوں نے 2:08 سے کم وقت میں میراتھون مکمل کی۔ ان میں ٹرائیتھلیٹ ایلیکس یی، ایمل کیریس اور فلپ سیسمین شامل ہیں۔ ان ایتھلیٹس کو 'نئے دور' کی نسل قرار دیا جاتا ہے۔
2024 کے لندن میراتھون میں چوتھا مقام حاصل کرنے والے محمد اس سال لندن میں اپنا ریکارڈ توڑنے کا ہدف رکھتے ہیں۔
اس کے بعد وہ اس گرمیوں میں برمنگھم میں یورپی چیمپیئن شپ کا تمغہ جیتنے کا ارادہ رکھتے ہیں۔
روزے کی حالت میں بھوک اور پیاس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟کشمیر: رمضان میں برف کے ریمپ پر نیم برہنہ ماڈلز کا فیشن شو تنقید کی زد میںرمضان میں خود کو مذہبی، جسمانی اور مالی طور پر کیسے منظم کیا جائے؟رمضان 2026: دنیا کے کس علاقے میں سب سے مختصر اور کہاں طویل ترین روزہ ہو گا؟’غذائی ماہرین کی مدد‘
حال ہی میں برطانوی فٹبال کلب مانچسٹر سٹی کے میجینر پیپ گارڈیولا سے پوچھا گیا تھا کہ رمضان میں مسلم کھلاڑیوں کے شیڈول کا خیال کیسے رکھا جاتا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ 'وہ اپنی مذہبی روایت پر عمل کرتے ہیں۔ ہمارے پاس بہترین غذائی ماہرین موجود ہیں اور وہ ٹیم کی ضروریات کے مطابق چیزوں کو ڈھالتے ہیں۔'
'ہم پریمیئر لیگ کے میچوں کے اوقات کے مطابق شیڈول تبدیل نہیں کر سکتے اور میرا خیال ہے کہ وہ اس کے عادی ہیں۔ وہ اب نوجوان نہیں رہے اور کئی سالوں سے اس عرصے میں کھیل رہے ہیں۔'
'میری رائے میں یہ کھلاڑیوں کے لیے نئی بات نہیں ہے۔۔۔ وہ بخوبی جانتے ہیں کہ کیا کرنا ہے۔'
’دہی اور بہت سارا پانی‘
انگلینڈ کے سابق بولر کبیر علی اب لنکاشائر کاؤنٹی کرکٹ کلب میں کوچ ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ کھلاڑیوں کے لیے رمضان میں روزہ رکھنا 'مشکل' ہوتا ہے۔
کبیر علی نے 2003 سے 2006 کے دوران انگلینڈ کی جانب سے ایک ٹیسٹ اور 14 ون ڈے انٹرنیشنل میچ کھیلے۔
45 سالہ کبیر کو حال ہی میں لنکاشائر کا بولنگ کوچ مقرر کیا گیا ہے۔ یہ وہی ٹیم ہے جس کے ساتھ انھوں نے اپنے کیریئر کے آخری دو سیزن گزارے تھے۔
علی کا کہنا ہے کہ وہ سحری میں ہمیشہ دہی اور 'بہت زیادہ پانی' پیتے تھے۔
بولنگ کوچ نے بی بی سی ریڈیو لنکاشائر کو بتایا کہ 'یقیناً یہ مشکل ہوتا ہے۔ لیکن اگر آپ سمجھداری دکھائیں تو آپ دن گزار سکتے ہیں۔'
'یہ بہت ضروری ہے کہ آپ مناسب مقدار میں پانی لیں۔ لیکن اگر دن مصروف ہو تو یہ کافی مشکل ہو جاتا ہے۔'
'لیکن آپ کے کوچز اور ساتھی کھلاڑی آپ کا خیال رکھتے ہیں۔'
'وہ اس قدر سخت ٹریننگ نہیں کرواتے کیونکہ انھیں معلوم ہوتا ہے کہ آپ رمضان گزار رہے ہیں۔'
'ساتھ ہی آپ کو خود بھی سمجھداری سے کام لینا پڑتا ہے۔'
روزے کی حالت میں بھوک اور پیاس سے کیسے بچا جا سکتا ہے؟کشمیر: رمضان میں برف کے ریمپ پر نیم برہنہ ماڈلز کا فیشن شو تنقید کی زد میںرمضان میں خود کو مذہبی، جسمانی اور مالی طور پر کیسے منظم کیا جائے؟رمضان 2026: دنیا کے کس علاقے میں سب سے مختصر اور کہاں طویل ترین روزہ ہو گا؟رمضان میں افطار دسترخوان کی شان سمجھے جانے والے پکوڑے کیا برصغیر سے مشہور ہوئے؟