سنیچر کی شب واشنگٹن کے ہلٹن ہوٹل میں وائٹ ہاؤس کے صحافیوں کی تنظیم کی جانب سے منعقدہ عشائیے کے دوران فائرنگ کا واقعہ پیش آیا۔
فائرنگ کے وقت تقریب میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ، خاتون اول میلانیا ٹرمپ اور وزیرِ خارجہ مارکو روبیو سمیت متعدد امریکی اعلیٰ حکام موجود تھے۔
فائرنگ کے فوراً بعد صدر اور دیگر اعلیٰ شخصیات کی حفاظت پر مامور سیکرٹ سروس نے انھیں وہاں سے بحفاظت نکال لیا۔
واقعے کے بعد وائٹ ہاؤس میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے صدر ٹرمپ نے بتایا کہ حملہ آور کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس کی بعد ازاں ایف بی آئی نے بھی تصدیق کی۔
EPA
ایک سوال کے جواب میں صدر کا کہنا تھا کہ تقریب سے قبل ان کی ٹیم کو کسی بھی ممکنہ سکیورٹی خطرے کے بارے میں کوئی اطلاع نہیں تھی۔
مشتبہ شخص کے بارے میں تبصرہ کرتے ہوئے ترمپ کا کہنا تھا کہ وہ ’کافی خطرناک‘ دکھائی دیتا تھا۔
صدر کے مطابق مشتبہ شخص نے تقریباً ’پچاس گز کے فاصلے‘ سے دوڑ کر حملہ کرنے کی کوشش کی جس کے بعد سکیورٹی اہلکاروں نے اپنے ہتھیار تان لیے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ان کے خیال میں مشتبہ حملہ آور اکیلا تھا۔ ’یہ پاگل لوگ ہیں اور ان سے نمٹنے کی ضرورت ہے۔‘
ٹرمپ کے قتل کا منصوبہ اور گرفتار پاکستانی شہری کی عدالت میں پیشی: ’میرے پاس اور کوئی راستہ نہیں تھا‘ٹرمپ پر قاتلانہ حملہ کرنے والے ’تنہائی پسند‘ اور ’خاموش‘ نوجوان جو کالج میں بعض اوقات ’شکاریوں کا لباس پہن کر آتے تھے‘چارلی کرک: مشتبہ حملہ آور کا خفیہ پیغام میں مبینہ اعترافِ جرم، دوست کو بھیجے گئے پیغامات اور ٹریگر پر ڈی این اے نشاناتٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ’ڈرامہ رچانے‘ اور ’ڈیپ سٹیٹ‘ سے جڑے سازشی نظریات کیوں گردش کرنے لگے؟مشتبہ حملہ آور کے بارے میں ہم اب تک کیا جانتے ہیں؟
وائٹ ہاؤس کے پریس بریفنگ روم میں خطاب سے چند لمحے قبل امریکی صدر ٹرمپ نے اس واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج ٹروتھ سوشل پر جاری کی جس میں ایک شخص کو ہوٹل کے بال روم کی جانب دوڑتے دیکھا جا سکتا ہے۔
فوٹیج میں یہ شخص فائرنگ کرتا ہوا سکیورٹی میٹل ڈیٹیکٹرز کے قریب سے گزرتا ہے جبکہ سکیورٹی اہلکار اپنے ہتھیار نکالتے نظر آتے ہیں۔
ٹرمپ نے دو تصاویر بھی جاری کیں جن میں ایک نیم برہنہ شخص کو زمین پر ہاتھ پیچھے باندھے ہوئے دکھایا گیا ہے جسے مبینہ حملہ آور قرار دیا جا رہا ہے۔
امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مشتبہ شخص کی شناخت 31 سالہ کول تھامس ایلن کے طور پر ہوئی ہے جو کیلیفورنیا کے شہر ٹورنز کا رہائشی بتایا جاتا ہے۔
واشنگٹن ڈی سی کے پولیس چیف جیفری سی کارول نے بتایا ہے کہ وہ اسی ہوٹل میں بطور مہمان رہائش پذیر تھا جہاں یہ تقریب جاری تھی اور تفتیش کے سلسلے میں اس کے کمرے کو سیل کر دیا گیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ کیلیفورنیا میں مشتبہ شخص کے اپارٹمنٹ پر بھی قانون نافذ کرنے والے ادارے پہنچ چکے ہیں۔
واشنگٹن ڈی سی کی میئر نے بتایا کہ مشتبہ شخص کو قریبی ہسپتال میں علاج فراہم کیا جا رہا ہے اور وہ پولیس حراست میں ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کے قائم مقام سربراہ جیفری کیرول سے جب مشتبہ شخص کی جانب سے اس حملے کی نیت اور محرک کے بارے میں پوچھا گیا تو انھوں نے کہا کہ یہ بات ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی کہ مشتبہ شخص نے حملہ کیوں کیا۔
انھوں نے بتایا کہ مشتبہ حملہ آور اس سے قبل میٹروپولیٹن پولیس ڈیپارٹمنٹ کو مطلوب نہیں تھا۔
Reutersفائرنگ کے وقت تقریب کے شرکا اپنی میزوں کے نیچے چھپ گئے تھے
جیف کیرول کے مطابق مشتبہ حملہ آور کے پاس کئی ہتھیار موجود تھے۔
انھوں نے بتایا کہ ’مبینہ حملہ آور کے پاس ایک شاٹ گن، ایک ہینڈ گن اور متعدد چاقو تھے۔‘
جیف کیرول کے مطابق ملزم گولی لگنے سے محفوظ رہا اور ابتدائی طور پر یہ ایک اکیلا حملہ آور معلوم ہوتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ’فی الحال عوام کو کسی قسم کا خطرہ لاحق نہیں۔‘
انھوں نے کہا کہ گولیاں چلنے کا مطلب یہ نہیں کہ یہ سکیورٹی کی ناکامی تھی یا سکیورٹی انتظامات مکمل اور مناسب نہیں تھے۔
کیرول کے مطابق وہ چیک پوائنٹ، جہاں مشتبہ شخص کو گرفتار کیا گیا اسی مقصد کے لیے موجود تھا اور اس نے اپنا کام درست طریقے سے انجام دیا۔
ٹرمپ کے حامی چارلی کرک کا قتل: پولیس 33 گھنٹوں میں ملزم تک کیسے پہنچی؟ٹرمپ پر قاتلانہ حملے کے بعد ’ڈرامہ رچانے‘ اور ’ڈیپ سٹیٹ‘ سے جڑے سازشی نظریات کیوں گردش کرنے لگے؟ٹرمپ پر حملہ: مشتبہ شخص ’افغان جنگجوؤں کو پاکستان کے راستے یوکرین بھیجنا چاہتا تھا‘چارلی کرک کا قتل: کیا امریکہ اپنی تاریخ کے خطرناک ترین موڑ سے گزر رہا ہے؟’جس عمارت سے گولی چلائی گئی اس میں پولیس اہلکار تعینات تھے‘: سخت سکیورٹی کے باوجود ٹرمپ پر حملہ کیسے ممکن ہوا؟حملہ آور نے ٹرمپ پر فائرنگ سے قبل ’کینیڈی کے قتل کو گوگل کیا‘ اور سیڑھی خریدی