Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

دوسرا ٹیسٹ: دوسرے دن کا کھیل ختم، پاکستان کے 154 رنز پر تین آؤٹ

نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے نے سب سے زیادہ 122 رنز بنائے۔ (فوٹو: اے ایف پی)
نیوزی لینڈ کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ میں پاکستان نے دوسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر اپنی پہلی اننگز میں 3 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنا لیے ہیں۔
پاکستان کی جانب سے امام الحق 74 اور سعود شکیل 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں۔
پہلی اننگز میں کپتان بابر اعظم 24، عبداللہ شفیق 19 اور شان مسعود 20 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ بیٹنگ کے دوران پاکستان کا ٹاپ آرڈر ایک مرتبہ پھر لڑکھڑا گیا۔
پاکستان کی پہلی وکٹ 27 رنز پر گری جب عبداللہ شفیق ہٹ لگانے کی کوشش میں غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیل کر کیچ دے بیٹھے۔
اس کے بعد شان مسعود نے آتے ساتھ ہی جارحانہ کھیلنے کی کوشش کی اور کیوی سپنر اعجاز پٹیل کو ایک اوور میں تین چوکے مارے لیکن اوور کی آخری گیند پر وہ بھی آؤٹ ہوگئے۔
دو وکٹیں گرنے کے بعد کپتان بابر اعظم اور امام الحق نے 43 رنز کی شراکت قائم کی۔

بابر اعظم کے رن آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ سست روی کا شکار ہوگئی (فوٹو:اے ایف پی)

اس وقت دونوں بیٹرز پرسکون انداز میں کھیل رہے تھے اور یوں لگ رہا تھا کہ یہ دونوں ایک بڑی شراکت قائم کریں گے لیکن اننگز کے 25 ویں اوور کی دوسری گیند پر دونوں بلے باز رن لیتے وقت الجھن کا شکار ہوگئے جس کے بعد بابر اعظم کو بھیانک طریقے سے رن آؤٹ ہونا پڑا۔
بابر اعظم کے رن آؤٹ ہونے کے بعد پاکستانی بیٹنگ سست روی کا شکار ہوگئی۔
دن کے اختتام پر سعود شکیل 75 گیندیں کھیل کر صرف 13 رنز ہی بنا سکے ہیں جبکہ امام الحق اور ان کے درمیان 55 رنز کی شراکت قائم ہے جس میں 40 رنز امام الحق کے ہیں۔
نیوزی لینڈ کی جانب سے بولنگ کرتے ہوئے میٹ ہینری اور اعجاز پٹیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔
پاکستان کو نیوزی لینڈ کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کے لیے مزید 295 رنز درکار ہیں۔
منگل کو نیوزی لینڈ کی ٹیم پہلی اننگز میں 449 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ڈیون کانوے 122،  ٹام لیتھم 71 اور میٹ ہنری 68 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ پاکستان کی طرف سے ابرار احمد نے چار اور نسیم شاہ اور آغا سلمان نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
 
منگل کو کراچی کے نیشنل سٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کی اننگز کی خاص بات میٹ ہنری اور اعجاز پٹیل کی 10 ویں وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت داری رہی۔
دونوں بیٹرز نے پاکستانی بولنگ کا خوب امتحان لیا۔ میٹ ہنری نے جارحانہ کھیل دکھایا اور 81 گیندوں پر 68 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔
نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا اور اس کے اوپنر نے اننگز کا پراعتماد آغاز کیا۔ گرین شرٹس کو پہلی کامیابی نسیم شاہ نے دلائی جب انہوں نے ٹام لیتھم کو 71 رنز پر ایل بی ڈبلیو کیا۔
ڈیون کانوے نے ون ڈاؤن آنے والے کین ولیسمن کے ساتھ 100 رنز کی شراکت داری بنائی۔ کانوے نے 153 گیندوں پر اپنی سینچری بھی مکمل کی۔ وہ 122 رنز بنا کر آغا سلمان کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

میٹ ہنری 68 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہے۔ (فوٹو: اے ایف پی)

اس سے اگلے اوور میں نسیم شاہ نے ان فارم کین ولیمسن کو 36 رنز پر پویلین روانہ کر دیا۔
پاکستان کی جانب سے آغا سلمان کی عمدہ بولنگ کی اور ان کی آف بریک کے آگے کیوی بیٹرز بے بس نظر آئے۔ سلمان نے ڈیرل مچل کو بولڈ کیا اور ہنری نکولس کو بھی کیچ آؤٹ کیا۔
نیوزی لینڈ کے چھٹے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مائیکل بریسویل تھے، وہ صفر پر ابرار احمد کا شکار بنے۔
کھیل کے دوسرے روز نیوزی لینڈ نے چھ وکٹوں کے نقصان پر 309 رنز سے اپنی اننگز کا آغاز کیا تو دوسرے اوور میں ہی نسیم شاہ نے اِش سوڈھی کو بولڈ کر دیا۔
نیوزی لینڈ کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی ٹام بلینڈل تھے، انہیں 51 رنز کے انفرادی سکور پر ابرار احمد نے بولڈ کیا۔
ابرار احمد نے اپنے اگلے اوور میں ٹم ساؤتھی کو بھی آؤٹ کر دیا۔ 
اس کے بعد میٹ ہنری کی جارحانہ بیٹنگ سے پاکستانی بولرز کے ہاتھ پاؤں پھول گئے اور وہ اپنی لائن لینتھ ہی بھول گئے۔ ہنری کی اعجاز پٹیل کے ساتھ شراکت داری نے نیوزی لینڈ کو ایک اچھا سکور بنانے میں مدد دی۔ اعجاز 35 رنز بنا کر ابرار احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔

نسیم شاہ نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ (فوٹو: اے ایف پی)

پاکستان نے نعمان علی اور وسیم جونیئر کو ڈراپ کر کے نسیم شاہ اور حسن علی کو ٹیم میں شامل کیا ہے۔
اس سے قبل کراچی میں ہی کھیلا گیا پہلا ٹیسٹ میچ بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا تھا۔
خبر رساں ادارے اے ایف پی کے مطابق گذشتہ ہفتے کھیلے گئے ڈرا میچ نے دونوں ٹیموں کے مسلسل ہارنے پر بریک لگائی ہے جس کے بعد دونوں ٹیمیں دوسرا میچ جیتنا چاہیں گی۔

شیئر: