اقوام عالم مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے کردار ادا کرے ، علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر

سویڈن و ہالینڈ کا سفارتی اور تجارتی بائیکاٹ کیا جائے، علامہ ابتسام الٰہی ظہیر

قرآن و سنہ موومنٹ پاکستان کے چیئرمین اور مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان کے چیف آرگنائزر علامہ ابتسام الہٰی ظہیر نے کہا ہے کہ بھارت کشمیریوں پر ظلم ڈھا رہا ہے، اقوام عالم کی ذمہ داری ہے کہ وہ مسئلہ کشمیر حل کرائے۔

لاہور میں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے علامہ ابتسام الہیٰ ظہیر نے کہا کہ 5 فروری کو بین الاقوامی سطح پر کشمیریوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ اہل کشمیر ایک عرصے سے بھارتی مظالم کا شکار ہیں۔ اہل کشمیر کی مدد کرنا اقوام عالم کی ذمہ داری ہے لیکن اقوام عالم اپنی ذمہ داریوں کو صحیح طریقے سے ادا نہیں کررہے۔

عالم اسلام بھی اس مسئلے میں وہ کردار ادا نہیں کررہا جو اسکو کرنا چاہیے۔ پاکستان پر اس حوالے سے سب سے بڑی ذمہ دری عائد ہوتی ہے کہ ایک عرصے سے اہل کشمیر پاکستان کے ساتھ الحاق کے لیے کوشاں ہیں لیکن بھارت نے انکی جائز خواہش کو جبرا مسترد کیا ہوا ہے۔

انہوں نے کہا کہ اہل کشمیر ایک عرصے سے اپنے حق خود ارادیت کیلئے مختلف محاذوں پر سرگرم ہیں لیکن بدنصیبی سے جبر اور تشدد کے ذریعے انکے سیاسی مطالبے کو پامال کیا جارہا ہے۔ کشمیری ایک عرصے سے قربانیاں دے رہے ہیں، بہت سے کشمیری راہنما جیلوں میں محبوس ہیں، آزادی کشمیر کیلئے کام کرنے والے بہت سے کارکنوں کو بھارتی کریک ڈاؤن کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ اقوام عالم کو اہل کشمیر کی آزادی کیلئے اپنا کردار ادا کرنا چاہیے۔

قرآن و سنہ موومنٹ کے زیر اہتمام پاکستان بھر میں اہل کشمیر کیساتھ بھرپور اظہار یکجہتی کے لیے پروگرام اور ریلیاں نکالی گئیں۔


متعلقہ خبریں