Sorry, you need to enable JavaScript to visit this website.

پاکستان انڈیا کشیدگی: چیئرمین آئی سی سی جے شاہ ’انڈین فوج کے ترجمان بن گئے‘

آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ انڈین وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے ہیں (فائل فوٹو: اے ایف پی)
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) کے چیئرمین جے شاہ کا ایک مبینہ بیان سوشل میڈیا پر ٹرینڈ کر رہا ہے جس میں ان کی جانب سے پاکستان اور انڈیا کی حالیہ کشیدگی کے دوران انڈین فوج کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا گیا ہے۔
سوشل میڈیا پر وائرل اس بیان سے متعلق یہ دعویٰ بھی کیا جا رہا ہے کہ جے شاہ نے اسے ’ایکس‘ سے ڈیلیٹ کر دیا تھا جبکہ ان کی انسٹاگرام سٹوری کا ایک سکرین شاٹ اب بھی وائرل ہے۔
یاد رہے کہ جے شاہ انڈیا میں برسراقتدار بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کی مخلوط حکومت کے وزیر داخلہ امیت شاہ کے بیٹے ہیں اور وہ آئی سی سی کے چیئرمین کا چارج سنبھالنے سے پہلے انڈین کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کی سربراہی بھی کر چکے ہیں۔
نومئی کو انسٹاگرام پر سٹوری پوسٹ کرتے ہوئے انہوں نے لکھا کہ ’ہماری مسلح افواج ہمارا فخر ہیں، اس بات کا اظہار الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا کہ وہ کس جانفشانی کے ساتھ ہماری دھرتی کی حفاظت کر رہی ہیں۔‘
انہوں نے مزید لکھا کہ ’ہم مسلح افواج میں شامل مردوں اور خواتین کے شکر گزار ہیں جو جان ہتھیلی پر رکھ کر ملک و ملت کی حفاظت میں مگن ہیں۔‘
ایکس صارف ڈینیئل الیگزینڈر نے جے شاہ کے بیان پر اپنی رائے کا اظہار کرتے ہوئے لکھا کہ ’یہ انڈیا کے وزیر داخلہ اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ ہیں جو انڈیا اور پاکستان کے درمیان جنگ کی حمایت کر رہے ہیں۔‘
عمران صدیقی نے لکھا کہ ’آئی سی سی جو عثمان خواجہ کو بلے پر سٹیکر لگانے سے روک رہا تھا اب اس کا چیئرمین انڈین آرمی کو خراج تحسین پیش کر رہا ہے۔‘
آسٹریلیا کے معروف صحافی میلکم کون نے جے شاہ کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے لکھا کہ ’آئی سی سی نے آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ پر تو کرکٹ بیٹ پر امن کی علامت فاختہ کی تصویر لگانے پر پابندی عائد کر دی تھی مگر اںڈین وزیر داخلہ کے بیٹے اور آئی سی سی کے چیئرمین جے شاہ پاکستان اور انڈیا کی کشیدگی میں اںڈین فوج کو کھلم کھلا سپورٹ کررہے ہیں۔‘
آسٹریلوی صحافی نے مزید کہا کہ یہ ’حیران کن ہے اور سرا سر دوغلاپن ہے۔‘
ایکس صارف قادر خواجہ نے لکھا کہ ’آئی سی سی کی غیرجانبداری تو ختم ہو گئی، یہاں چیئرمین کی جانب سے انڈیا کی حمایت کی جا رہی ہے، اپنے عہدے کو بھولتے ہوئے جے شاہ انڈین آرمی کا ترجمان بن رہے ہیں۔‘

 

شیئر: