آئندہ نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور اسکی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے تمام علاقائی ممالک کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کا منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر پیغام

اے پی پی  |  Jun 25, 2021

اسلام آباد۔25جون (اے پی پی):صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نےکہا ہے کہ آئندہ نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور اسکی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے تمام علاقائی ممالک کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی، اس حوالے سے حکومتِ پاکستان کی ترجیحات واضح ہیں، ہم منشیات کی ضبطی اور سرحدوں کی نگرانی کے مؤثر نظام کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ روکنے والے صف ِ اول کے ممالک میں شامل ہیں۔

منشیات کے استعمال اور اسمگلنگ کے خلاف عالمی دن کے موقع پر اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا کہ انسداد منشیات کا عالمی دن ہر سال 26 جون کو عالمی رہنماؤں ، بین الاقو امی برادری ، عالمی اتحاد اور انجمنوں سمیت سب کیلئے ایک یاد دہانی کے دن کے طور پر منایا جاتا ہے ۔ یہ دن اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم مشترکہ کاوشوں سے منشیات کی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے اپنی اجتماعی ذمہ داری ادا کریں۔

انہوں نے کہا کہ آج کے دن ہم منشیات کی اسمگلنگ کے خاتمے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں کیونکہ ان سے عوام کی صحت کو سخت خطرات لاحق ہیں۔ منشیات کے استعمال اور اسکی غیر قانونی اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے موثر اقدامات حکومتِ پاکستان کی اولین ترجیح ہیں ۔ ہم منشیات کی ضبطی کے لحاظ سے دنیا کے تین سرفہرست ممالک میں شامل ہیں۔ علاوہ ازیں، پاکستان سرحدوں کی نگرانی کے مؤثر نظام کے ذریعے منشیات کی اسمگلنگ روکنے والے صف ِ اول کے ممالک میں شامل ہے۔

صدر عارف علوی نے کہا کہ اپنی آئندہ نسلوں کو منشیات کی لعنت سے بچانے اور اسکی غیر قانونی تجارت روکنے کیلئے تمام علاقائی ممالک کو مربوط کوششیں کرنا ہوں گی۔ یہ یقیناًپاکستان کیلئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے کہ عالمی برادری نے بھی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف جنگ میں پاکستان کے کردار اور عزم کا اعتراف اور تعریف کی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان نے بین الاقوامی معیار کے مطابق انسداد منشیات پالیسی 2019 ء وضع کی ہے۔ حکومت دنیا کو منشیات سے پاک بنانے کے لئے اقوام متحدہ اور دیگر عالمی انسداد منشیات تنظیموں کے ساتھ مل کر کام رہی ہے۔ یہ ایک خوش آئند امر ہے کہ حکومت کے مؤثر اقدامات کی بدولت پاکستان تقریباً پوست سے پاک ملک بن چکا ہے۔ اس سب کے باوجود ، منشیات کی اسمگلنگ کی لعنت پر قابو پانے کے لئے عالمی برادری کو ابھی مزید کام کرنے کی ضرورت ہے۔

صدر مملکت نے کہا کہ آج ہم منشیات کے خلاف اجتماعی طور پر لڑنے کے عزم کا اعادہ کرتے ہیں۔ میں اس موقع پر غیر سرکاری تنظیموں، سول سوسائٹی ، مذہبی رہنماؤں اور ذرائع ابلاغ پر زور دیتا ہوں کہ وہ آگے آئیں اور منشیات کے خلاف جنگ میں حکومتی کوششوں کا ساتھ دیں تاکہ ہم نہ صرف اپنے لوگوں کو ایک خوشحال مستقبل دیں سکیں بلکہ دنیا کو بھی منشیات کی اسمگلنگ کی لعنت سے بچا سکیں۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More