کوک اسٹوڈیوسیزن 14کاتیسراگاناامیدوں پرپورانہ اُترا

سماء نیوز  |  Jan 24, 2022

کوک اسٹوڈیو سیزن 14 میں دھماکے دارآغازکے بعد تیسرا گانا ‘سجن دس نا’ ریلیز کردیاگیا ، عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن کا یہ گانا شائقین کی امیدوں پرکچھ خاص پورا نہ اتر سکا۔

سیزن 14 کا پریمیئر14 جنوری کو نصیبو لعل اور عابدہ پروین کے ‘تُوجُھوم سے ہوا جس نے ریلیز ہوتے ہی فوری مقبولیت حاصل کی، یو ٹیوب پر اس کلام کو اب تک 13 ملین سے زائدافراد دیکھ چُکے ہیں۔ الیکٹروپپ آرٹسٹ عبداللہ صدیقی اورکوک اسٹوڈیو 14 کےایسوسی ایٹ پروڈیوسرنے بھی تُو جھوم کو روایتی آوازوں کا بہترین امتزاج قراردیا۔

روحیل حیات کےکوک اسٹوڈیوچھوڑنے کے بعد زلفی نے باگ دوڑ سنبھالی توپریمیئرسے قبل ہی شائقین موسیقی کو ان سے کافی زیادہ توقعات وابستہ تھیں، تُوجھوم کی شاندارکامیابی کے بعد صارفین کی بڑی تعداد نے نصیبو لعل کو موقع دینے پرزلفی اورعابدہ پروین کے اس آئیڈیا کو بے حد سراہا جس کی بدولت ایک شانداراوردلوں کوچھُوجانے والی کمپوزیشن تشکیل پائی۔

تُوجھوم کے بعد قدیم وجدید بلوچی موسیقی کا امتزاج لیے ‘کنایاری’ ریلیز کیا گیا جسے کیفی خلیل اوروہاب بگٹی کے علاوہ پاکستان کی پہلی حجابی ریپر ایوا بی نے گایا ہے جو کراچی کے علاقے لیاری کی رہائشی اور صوبہ بلوچستان سے تعلق رکھتی ہیں۔کنایاری میں ایوابی کے مغربی اندازمیں ریپنگ کے اسٹائل کو بہت پسند کیاگیا۔

کوک اسٹوڈیوکے ایسوسی ایٹ پروڈیوسرعبداللہ صدیقی کے مطابق، زلفی چاہتے تھے کہ کنا یاری ایک بی-پاپ (بلوچی پاپ) ٹریک ہو جو کے پاپ (کورین پاپ ) گانوں کی طرح مقبولیت حاصل کر سکے۔

دو شاندار گانوں کے بعد سیزن 14 کی تازہ پیشکش ‘سجن دس نا’ نے اس تسلسل کو توڑدیا۔ ایک پریس ریلیز کے مطابق عاطف اسلم اور مومنہ مستحسن اس گانے کوآپس میں تنازع رکھنے والے دومحبت کرنے والوں کے طور پرگارہے ہیں، جن کے درمیان شہرت نے دیوارکھڑی کر دی ہے۔

گانے کو سوشل میڈیاپرخاص پزیرائی حاصل نہیں ہوسکی، گو کچھ لوگوں نے مومنہ اورعاطف کی جوڑی کو پسند کیا تاہم بیشترکا خیال ہے کہ دونوں کی آوازیں ایک ساتھ نہیں جچیں۔

تُوجُھوم، کنایاری اور سجن دس نا کے بعد کوک اسٹوڈیو کا چوتھا گانا 28 جنوری 2022 کو ریلیزکیا جائے گا۔

مزید خبریں

Disclaimer: Urduwire.com is only the source of Urdu Meta News (type of Google News) and display news on “as it is” based from leading Urdu news web based sources. If you are a general user or webmaster, and want to know how it works? Read More